QR CodeQR Code

اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر لاہور میں مجلس وحدت نے دھرنا ختم کر دیا

17 Feb 2013 23:12

اسلام ٹائمز: اختتامی خطاب میں مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی کا کہنا تھا کہ ملت تشیع بیدار ہے اور اگر آئندہ دہشت گردی کی کوئی واردات ہوئی تو اس کے خلاف اس سے بڑھ کر شدید احتجاج کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کی جانب سے جاری دھرنا رات گئے اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر ختم کر دیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ ابوذر مہدوی نے اپنے اختتامی خطاب میں شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس سے ہدایت کی ہے کہ دھرنا ختم کر دیا جائے جس پر ہم مال روڈ سے اپنے دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ ملت تشیع بیدار ہے اور اگر آئندہ دہشت گردی کی کوئی واردات ہوئی تو اس کے خلاف اس سے بڑھ کر شدید احتجاج کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ 24 فروری کو گلبرگ لاہور کے علاقہ حالی روڈ کی جامع مسجد محمدی میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب شعبہ خواتین کے زیراہتمام شہدائے کوئٹہ کانفرنس ہو گی جس میں شہداء کی ماؤں کو دعوت دی گئی ہے وہ اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔
علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ جن سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے ہمارے اس دھرنے کی حمایت اور شہدائے کوئٹہ سے اظہار یکجہتی کیا ہے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 مارچ کو بھیکے وال موڑ پر مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام شہداء کانفرنس ہو گی جس سے شہداء کے خانوادے خطاب کریں گے۔ انہوں نے دھرنے کے شرکا سے عہد لیتے ہوئے پوچھا کہ اگر آپ کو آئندہ بلایا جائے گا تو آپ تشریف لائیں گے جس پر لاہور شہر کی فضا لبیک یاحسین لبیک یاحسین کی صداؤں سے گونج اٹھی اور پوری قوم بہ یک زبان عہد کیا کہ ایم ڈبلیو ایم کی قیادت جب بھی بلائے گی وہ حاضر ہو جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 240476

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/240476/اعلی-قیادت-کی-ہدایت-پر-لاہور-میں-مجلس-وحدت-نے-دھرنا-ختم-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org