QR CodeQR Code

سانحہ کوئٹہ نے دلوں کو ہلا دیا ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، شکیل قادری

18 Feb 2013 03:39

اسلام ٹائمز: کیماڑی میں خطاب کرتے ہوئے پی ایس ٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ کوئٹہ سمیت پورا ملک بدامنی انتشار کی کیفیت میں ہے، حکمران اپنی ناکامی کا اعتراف کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک نظریاتی جماعت ہے جس کی جڑیں ملک کے کونے کونے میں ہیں، اسلام و ملک دشمن عناصر محب وطن قوتوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی حکمرانوں کے ساتھ ریاستی اداروں کو بھی ناکامی کی طرف لے جا رہی ہے جو کہ انتہائی تشویشناک عمل ہے، سانحہ کوئٹہ نے دلوں کو ہلا دیا ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، حکمران طبقے کو دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لانی چاہیئے، انتہاء پسند دہشت گرد قوتوں کے خلاف بڑا آپریشن کرنا ملک کی سلامتی کے لیے ضروری ہے، مصلحت پسندی اور کسی دباؤ کے بغیر ریاستی ادارے ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ عوام کی جان و مال کو بھی تحفظ فراہم کریں، ملک کے عوام اور محب وطن مذہبی و سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف یکجا ہیں، بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات معمول بن گئے ہیں، حکومتی رٹ دور دور تک نہیں ہے، اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسلام اور پاکستان کی سربلندی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے الف دین مسجد کیماڑی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی فہیم الدین شیخ، علامہ عباس الباروی، علامہ قاری محمد شفیق، علامہ قاری محمد جاوید بھی موجود تھے۔ شکیل قادری نے کہا کہ کوئٹہ سمیت پورا ملک بدامنی انتشار کی کیفیت میں ہے اور عوام حالت خوف میں مبتلا ہیں حکومت پر سے عوام کا اعتبار ختم ہو گیا ہے، حکمران اپنی ناکامی کا اعتراف کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ حکمران دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں تاکہ دہشت گردی کے خوف سے عوام کو نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے خلاف مثبت اقدامات اور ٹھوس فیصلے کیے جاتے تو حالات بہتر ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اہلسنّت متحد و منظم ہو جائیں اور انتہا پسند دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں، پاکستان سنی تحریک دہشت گردوں کے خلاف ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی، حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی پالیسی عوام پر واضح کرے۔


خبر کا کوڈ: 240528

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/240528/سانحہ-کوئٹہ-نے-دلوں-کو-ہلا-دیا-ہے-اس-کی-جتنی-مذمت-جائے-کم-شکیل-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org