0
Monday 18 Feb 2013 04:50

سانحہ کوئٹہ کے خلاف پشاور میں احتجاج، دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کا مطالبہ

سانحہ کوئٹہ کے خلاف پشاور میں احتجاج، دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ سانحہ کوئٹہ کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پشاور پریس کلب کے سامنے ہونے والے اس احتجاج میں مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے کوئٹہ دہشتگردی کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور دہشتگردوں کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ مظاہرین سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اخونزادہ زاہد علی عسکر، شیعہ علماء کونسل ضلع پشاور کے صدر اخونزادہ مجاہد اکبر، مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے رہنماء ڈاکٹر سلیم مہدی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے رہنماء سید محمد نے خطاب کیا۔ سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ کوئٹہ میں فوری طور پر دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے اور شہدائے کوئٹہ کے قاتلوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے مرکزی قائدین کی کال کا انتظار ہے، جیسے ہی مرکزی سطح سے کوئی بھی کال دی جاتی ہے تو ہم اس کے مطابق احتجاج ترتیب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز دہشتگردی کے واقعات اور اہل تشیع کی نسل کشی ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکی ہے۔ اس کا فوری طور پر سدباب نہ کیا گیا تو حالات کسی بھی طرف جا سکتے ہیں۔ احتجاج کے آخر میں دو قرار دادیں منظور کی گئیں۔ جن میں مطالبہ کیا گیا کہ ایم ڈبلیو ایم ضلع پشاور کے اسیر رہنماوں محمد علی کربلائی، ذوالفقار حسین اور مولانا وزیر حسین ترابی کو فوری رہا کیا جائے اور سانحہ کوئٹہ کے ذمہ داروں کو فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 240536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش