0
Monday 18 Feb 2013 12:34
کوئٹہ میں فوجی آپریشن شروع ہو جاتا تو کیرانی روڈ سانحہ پیش نہ آتا

دہشتگردی کے واقعات اور بم دھماکے ریاست کو کمزور کرنیکی سازش ہیں، علامہ شفقت شیرازی

دہشتگردی کے واقعات اور بم دھماکے ریاست کو کمزور کرنیکی سازش ہیں، علامہ شفقت شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے خارجہ امور کے سیکرٹری جنرل علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ اگر پچھلے دھرنے میں پیش کئے گئے مطالبات پر پوری طرح عمل ہوتا اور کوئٹہ کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لئے فوجی آپریشن شروع کر دیا جاتا تو کیرانی روڈ جیسا افسوسناک سانحہ پیش نہ آتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے"اسلام ٹائمز" کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔ علامہ شفقت شیرازی کا کہنا تھا کہ تشیع کی تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے وطن سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم ایک طویل سیاسی جدوجہد اور پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت کے ذریعے نہ صرف ان دہشتگردوں کے لئے زمین تنگ کر دیں گے، بلکہ ان کے سرپرستوں کا بھی محاصرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ان مجرموں کو پاکستان کے آئین کے مطابق سزا دے گی۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے کہا کہ آئے دن پاکستان میں ہونے والے دھماکے اور دہشتگردی کے واقعات ریاست کو کمزور کرنے کی سازش ہیں اور اس سازش میں بین الاقوامی قوتیں اور پاکستان میں موجود ان کے وہ ایجبٹ شامل ہیں، جنہوں نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ 

مجلس وحدت مسلمین کے خارجہ امور کے سیکرٹری جنرل نے سوال کیا کہ کیا اس کالعدم تنظیم کے مراکز اور سربراہوں کو ہماری ایجنسیان نہیں جانتیں۔؟ انہوں نے مزید کہا کہ وطن سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے ان ایجنسیوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جلدی شروع کریں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں امن و امان کی صورت حال بحال کرنے کے لئے اسے فوری طور پر فوج کے حوالے کیا جائے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری خارجہ امور نے کہا کہ اس سانحہ کی پاکستان کی تمام مذہبی، سیاسی اور سماجی تنظیموں نے جس انداز سے مذمت کی، یہ پاکستانی عوام کی بیداری اور وطن سے دوستی کا عملی ثبوت ہے اور اگر اسی انداز سے ملت آگے بڑھتی رہی تو اس ملک کے اندر بنیادی تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔ علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ دہشتگرد یہ چاہتے ہیں کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر مذہبی فسادات کروائیں، لیکن ہم انشاءاللہ ایک بھرپور عوامی جدوجہد کے ذریعے مضبوط ریاست کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے، اس ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے اور مظلوموں کو انکے حقوق دلوائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 240590
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش