0
Wednesday 20 Feb 2013 15:30

قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لے کر قومی خزانہ میں جمع کرائیں گے، سید وسیم اختر

قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لے کر قومی خزانہ میں جمع کرائیں گے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے ہمیشہ تصادم کی راہ اپنائی ہے، پاکستانی قوم کا لوٹا ہوا پیسہ ہضم کرنے کیلئے نت نئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے عدلیہ کے حکم سے روگردانی کی جاتی رہی ہے، پاکستان میں زرداری حکومت نے لاقانونیت، کرپشن اور بے روزگاری کے وہ بیج بوئے ہیں جس کا پھل قوم، بلوچستان اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی صورت میں وصول کر رہی ہے، معیشت تباہ و برباد اور ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہے، بھارت بارڈر پر دانت تیز کر رہا ہے اور ہمارے حکمران اسے پسندیدہ ملک قرار دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے، تمام ادارے ناکام ہو چکے ہیں، امن و امان ایک خواب بن کر رہ گیا ہے، پورا ملک مفلوج ہو گیا ہے، سکیورٹی ادارے ناکام اور حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پیپلز پارٹی کا دور سیاہ ترین دور ہے، چنگیز خان اور ہلاکو خان کی یاد تازہ ہو گئی ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت تباہ و برباد ہو چکی ہے، ملک میں امن و امان قائم کرنے اور بگڑتی صورتحال کو سنبھالا دینے کیلئے تمام اداروں کامل بیٹھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر چند خاندانوں کی اجارہ داری ہے، ان کی اجارہ داری ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ عوام اپنی سوچ کو بدلیں اور اپنے ووٹ سے باصلاحیت، باکردار اور صالح افراد کو منتخب کریں، جماعت اسلامی واحد دینی جماعت ہے جس کی قیادت انہی صفات کی حامل ہے، عوام جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کو منتخب کریں تاکہ ملک میں اسلامی نظام کو عملاً نافذ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ انشاءاللہ جماعت اسلامی اقتدار میں آتے ہی جاگیرداروں کو احتساب کے عمل سے گزارے گی اور قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لے کر قومی خزانہ میں جمع کرائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بیروز گاری اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرتے ہوئے روز مرہ اشیاء کی قیمتوں پر مکمل کنٹرول کرتے ہوئے 5سال تک انہیں منجمد کردے گی۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ بہاولپور صوبہ جماعت کا اولین منصوبہ ہے،اس کی بحالی کے لئے تمام طاقت استعمال کرے گی،عدل و انصاف کیلئے اسلامی نظام کا نفاذ کرکے جرائم کے خاتمہ کا بندو بست کرے گی،ملک کے اندر تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے،عوام دست و بازو بنتے ہوئے اس کے ہاتھ مضبوط کریں اور الیکشن میں جماعت اسلامی کو کامیاب کروائیں۔
خبر کا کوڈ : 241216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش