0
Thursday 21 Feb 2013 09:09

امام حسن عسکری (ع) نے روحانیت کے ذریعے اجتماعی طرز زندگی کے معاملات میں لوگوں کی رہنمائی کی، علامہ ساجد نقوی

امام حسن عسکری (ع) نے روحانیت کے ذریعے اجتماعی طرز زندگی کے معاملات میں لوگوں کی رہنمائی کی، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام نے قرآن کریم کے ساتھ ساتھ سنت و سیرت رسول اکرم (ص) اور امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام سمیت اپنے اجداد سے ودیعت ہونے والے علم، مرتبے، منزلت، روحانیت اور عمل کے ذریعے اپنے وقت کے عام انسان، عام مسلمان اور حکمران کو رشد و ہدایت فراہم کی جس کے اثرات ان کے دور میں ان کے معاشرے اور ماحول میں واضح انداز میں مرتب ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد راہ حق اور سچائی کی طرف متوجہ ہوئی۔ امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امام حسن عسکری (ع) نے اپنی روحانیت اور تبلیغ کے ذریعے انفرادی اور ذاتی زندگی میں جہاں انسانوں کی رہنمائی فرمائی وہاں اجتماعی طرز زندگی اور حکمرانی جیسے معاملات میں بھی لوگوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا، اسی لئے آپ کی سیرت آج بھی دنیا کے ہر انسان اور ہر معاشرے کے لئے مشعل راہ ہے اور نمونہ عمل ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ دور حاضر میں دنیائے انسانیت کو بالعموم اور عالم اسلام کو بالخصوص جن بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے اور انسانی معاشرے جس گراوٹ کا شکار ہوچکے ہیں اس میں انسانوں کو ہدایت اور روحانیت کی ضرورت ہے، جو انہیں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت کا مطالعہ کرکے اور اس پر عمل کرکے حاصل ہوسکتی ہے۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم انکی سیرت اقدس پر عمل کرکے انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور حقیقی اسلامی و جمہوری سسٹم رائج کرکے عدل و انصاف سے مزین معاشرہ تشکیل دیں اور اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 241376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش