QR CodeQR Code

28 فروری کو فوج، طالبان اور حکومت کے مابین مذاکرات کیلئے طریقہ کار طے کیا جائیگا، فضل الرحمن

21 Feb 2013 21:32

اسلام ٹائمز: پشاور میں میڈیا کو بریفنگ میں جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 28فروری کو سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بلا رہے ہیں۔ طالبان سے مذاکرات کی حکمت عملی وضع کرنے کے بعد حکومت اور عسکری قیادت کو بھی آگاہ کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 28 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں قبائلی جرگہ قومی قیادت سے ملاقات کرے گا۔ جس میں طالبان، فوج اور حکومت سے مذاکرات کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائیگا۔ وہ پشاور میں گرینڈ قبائلی جرگے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی قیادت کو جرگہ کے اعلامیہ سے آگاہ کیا جائے گا۔ جبکہ فوج، طالبان اور حکومت کے مابین مذاکرات کے لئے طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ مولانا کا کہنا تھا کہ جے یو آئی چاہتی ہے کہ قبائلی خود طالبان سے بات کریں۔ کیوں کہ قبائلی اپنی روایات کو بہتر سمجھتے ہیں۔ جرگہ جو موثر کردار ادا کر سکتا ہے وہ کوئی اور نہیں کر سکتا۔ فریقین جرگے کے سامنے بیٹھیں گے اور پھر آگے بات ہوگی۔ جرگہ فاٹا میں کام کریگا۔ پنجابی طالبان کے حوالے سے انہوں نے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کو ان کے بارے میں پتہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاجی قادر خان کو جرگے کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، قیام امن کے لئے قبائلی جرگے کی کوششوں کی حمایت حاصل کی جائے گی۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق پشاور میں جے یو آئی سیکرٹریٹ میں مولانا فضل الرحمن نے قبائلی جرگہ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی جرگہ قومی سیاسی قیادت سے ملاقات کریگا اور جرگہ کے مقاصد اور اعلامیے سے تمام سیاسی قیادت کو آگاہ کرے گا۔ قبائلی جرگے کا مقصد قیام امن کے لئے سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد قبائیلی جرگہ کے انعقاد کو سیاسی جماعتوں نے اصولی طور پر تسلیم کیا ہے۔ 28 فروری کو سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بلا رہے ہیں۔ طالبان سے مذاکرات کی حکمت عملی وضع کرنے کے بعد حکومت اور عسکری قیادت کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے قبل فریقین سے پرامن رہنے کی اپیل نہیں کی جاسکتی، ان معاملات میں عجلت اچھی نہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چیف آف وزیرستان حاجی قادر خان کو جرگے کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے جو طالبان سے مذاکرات کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 241523

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/241523/28-فروری-کو-فوج-طالبان-اور-حکومت-کے-مابین-مذاکرات-کیلئے-طریقہ-کار-طے-کیا-جائیگا-فضل-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org