QR CodeQR Code

پاکستان اور چین کے مابین گوادر پورٹ معاہدہ خوش آئند ہے، طارق سعید

22 Feb 2013 11:43

اسلام ٹائمز: سابق صدر سارک چیمبر اور ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ چین کے ساتھ گوادر پورٹ معاہدے سے پاکستان کی اہمیت جنوبی ایشیا میں مزید مستحکم ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان، سارک چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور کاسی کے نائب صدر طارق سعید نے پاکستان اور چین کے مابین گوادر پورٹ کے معاہدے کی پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین مزید مضبوط روابط قائم ہونگے۔ اپنے بیان میں طارق سعید نے کہا کہ گودار پورٹ کو دنیا بھر میں ایک نئی حیثیت ملے گی اور چین کے ذریعے گوادر پورٹ کے آپریشن کو بنائے جانے سے بلوچستان کی عوام کی احساس محرومی دور ہو جائے گی جبکہ دنیا بھر میں گوادر پورٹ کے ساتھ ساتھ بلوچستا ن کا نام بھی روشن ہوگا۔

طارق سعید نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین مزید سیکٹرز پر معاہدے کی اشد ضرورت ہے اور پاک چین سرمایہ کار پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں موجود توانائی بحران کو دور کرنے کے لئے چین کے سرمایہ کار پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کو ممکن بنا سکتے ہیں اور پاک چین دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

طارق سعید نے کہا کہ چین کی جانب سے گوادر پورٹ کے معاہدے سے پاکستان کی اہمیت جنوبی ایشیاء میں مزید مستحکم ہوگی اور دنیا کو گوادر پورٹ کی صورت میں نیا گیٹ وے مل جائیگا جبکہ افغانستان اور سینٹرل ایشیاء تک سامان کی نقل و حمل کو بھی کم نرخوں پر ممکن بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے گوادر پورٹ معاہدے کے مثبت اثرات بلوچستان میں اثر انداز ہوں گے اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی جس سے بلوچستان کی ڈیولپمنٹ اور انفرااسٹرکچر میں بھی بہتری رونما ہوگی جسکے خوشگوار اثرات پورے ملک پر نمودار ہونگے۔

طارق سعید نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تجارتی لین دین کو فروغ دینے کے لئے دو طرفہ تجارتی وفود کاتبادلہ اور نمائشوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے جس کے لئے ایف پی سی سی آئی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اپنی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان میں معاشی انقلاب برپا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین سیاحت، فوڈ پیکجنگ، توانائی سمیت دیگر سیکٹرز پر دی گئی تجاویزات کا مکمل جائزہ لیا گیا ہے اور چین کے صوبے یونن کے نائب گورنر گاوشوین نے کن منگ چین میں منعقد کی جانے والی نمائش کی تفصیلات سے ایف پی سی سی آئی کو آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین میں جون 2013ء سے منعقد ہونے والی نمائش میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو ممکن بنانے کیلئے بھی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 241529

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/241529/پاکستان-اور-چین-کے-مابین-گوادر-پورٹ-معاہدہ-خوش-آئند-ہے-طارق-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org