0
Friday 22 Feb 2013 01:14

پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کا حصول ایران کا قانونی حق ہے اور وہ اپنے اس حق سے دستبردار نہیں ہوگا، علاءالدین بروجردی

پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کا حصول ایران کا قانونی حق ہے اور وہ اپنے اس حق سے دستبردار نہیں ہوگا، علاءالدین بروجردی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاءالدین بروجردی نے کہا ہے کہ قزاقستان میں ہونے والے مجوزہ مذاکرات کے بے نتیجہ رہنے سے اصل نقصان مغرب اور اس کے اتحادیوں کو ہوگا۔ علاءالدین بروجردی نے خبررساں ایجنسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قزاقستان میں ہونے والے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مجوزہ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوری ایران چاہتا ہے کہ یہ مذاکرات نتیجہ خیز ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے وعدوں پر پوری طرح عمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی، آئی اے ای اے، کے ساتھ بھی اپنے مذاکرات میں یہ ثابت کیا ہے کہ اس کی ایٹمی سرگرمیاں پرامن ہیں اور آئی اے ای اے بھی اپنی تحقیقات اور بار بار کے معائنوں میں اسی نتیجے پر پہنچی ہے، لیکن اس کے باوجود امریکہ اور اس کے مغربی اتحادی مداخلت کرکے ایران کے ایٹمی معاملے میں مشکلات کھڑی کر رہے ہیں۔ علاءالدین بروجردی نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران این پی ٹی معاہدے کا پابند رہا ہے اور اس نے ابھی تک آئی اے ای اے کے قوانین کی بھی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوری ایران ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول کو اپنا قانونی حق سمجھتا ہے اور اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان نئے دور کے مذاکرات قزاقستان کے شہر الماتی میں 26 فروری کو ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 241556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش