QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی وسیع پیمانے پر گرفتاریاں، جماعت اسلامی کی شدید مذمت

22 Feb 2013 20:46

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی کے امیر محمد عبداللہ وانی کے مطابق حقیقی جمہوریت میں لوگوں کو عوام کش حکومتی اقدامات کے خلاف اپنے جذبات کے اظہار کا حق حاصل ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو اس حق سے بزور طاقت محروم رکھا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور لبریشن فرنٹ (آر) نے پولیس کی جانب سے نوجوانوں کی وسیع پیمانے پر گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت لوگوں کو افضل گورو کے باقیات واپس کرنے کا مطالبہ کرنے سے باز رکھ رہی ہے جس کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں، جماعت اسلامی کے امیر کے مطابق حقیقی جمہوریت میں لوگوں کو عوام کش حکومتی اقدامات کے خلاف اپنے جذبات کے اظہار کا حق حاصل ہے لیکن کشمیر میں لوگوں کو اس حق سے بزور طاقت محروم رکھا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس مزید گہرا ہوگیا ہے، جماعت اسلامی کے امیر محمد عبداللہ وانی کے مطابق جس طرح افضل گورو کو کشمیریوں کے جذبات کی پرواہ کئے بغیر انتہائی رازداری کے ساتھ تختہ دار پر چڑھایا گیا اور اب ان کے باقیات لوٹانے سے صاف انکار کیا جارہا ہے، اُس سے مقبوضہ کشمیر کے بے بس عوام، جن کی خواہشات کو طاقت کے بل پر دبایا گیا ہے، کے تئیں حکومت ہند کے آمرانہ و استحصالی رویہ کی عکاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ حکومت کی عوام کش پالیسی پر فوری روک لگاکر تمام قیدیوں کو غیر مشروط طریقے پر رہا کیا جائے جو جیلوں اور پولیس تھانوں میں مقید ہیں، اس دوران جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (آر) نے پولیس اور بھارتی فورسز کی طرف سے پوری وادی کشمیر میں پکڑ دھکڑ کی مہم کو تیز کرکے شبانہ چھاپوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں معصوم نو عمر بچوں کو گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان گرفتاریوں سے پولیس فورسز جان بوجھ کر نوجوان نسل کو تشدد کی راہ پر ڈال رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 241611

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/241611/مقبوضہ-کشمیر-میں-نوجوانوں-کی-وسیع-پیمانے-پر-گرفتاریاں-جماعت-اسلامی-شدید-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org