QR CodeQR Code

مانسہرہ، قاضی حسین احمد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

23 Feb 2013 01:18

اسلام ٹائمز: مقررین کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد نے اپنی ساری زندگی اسلام کی سربلندی، بقاء اور ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے وقف کر رکھی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ قاضی حسین احمد کی یاد میں ضلع مانسہرہ کے علاقے داتا میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ جس میں مسلم لیگ ن، جے یو آئی، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کے مقامی عہدیداران کے علاوہ اہلیان مانسہرہ و جماعت اسلامی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے وفاقی وزیر مملکت سردار شاہجہاں یوسف، ایم پی اے حاجی قلندر لودھی، قاضی حسین احمد مرحوم کے صاحبزادے آصف لقمان قاضی، جماعت اسلامی مانسہرہ کے امیر یونس خٹک، سابق امیر طارق شیراز، عبد الرزاق عباسی، سعید عبداللہ، سید غیاث الدین شاہ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاضی حسین احمد ایک شخصیت کا نام نہیں تھا وہ ایک تحریک کا نام تھا۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی اسلام کی سربلندی، بقاء اور ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے وقف کر رکھی تھی۔
 
ان کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد نے پاکستان میں آئین و جمہوریت کی بحالی اور اسلامی انقلاب کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں اور ملکی بقاء و استحکام کیلئے چلنے والی ہر تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔ جمہوریت کے استحکام، عدلیہ کی آزادی اور پسے ہوئے طبقے کے حقوق کی سربلندی کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مقررین نے کہا کہ قاضی حسین احمد نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کئی اسلامی ممالک میں اسلامی تحریکوں کے ساتھ وابسطہ رہے۔ جہاد افغانستان، مصر، الجزائر اور کشمیر کی آزادی کیلئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ قاضی حسین احمد کی وفات سے پاکستان ایک معتبر اور دور اندیش سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کی طرح کی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 241700

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/241700/مانسہرہ-قاضی-حسین-احمد-کی-یاد-میں-تعزیتی-ریفرنس-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org