QR CodeQR Code

امریکہ براستہ سعودی عرب پاکستان میں شیعہ دیوبندی جنگ کروا رہا ہے، پاکستان سنی تحریک

23 Feb 2013 03:21

اسلام ٹائمز: مرکز اہلسنت سے جاری کردہ بیان میں پی ایس ٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے خلاف آج 23 فروری ملک بھر میں اہم شاہراوں پر دھرنے دئیے جائیں گے اور 25 فروری کو کراچی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک نے کراچی میں کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا۔ الیکشن کے حوالہ سے پاک فوج کا بیان قابل تحسین ہے۔ ٹارگٹ کلنگ و دہشتگردی کے خلاف مساجد میں خطبات کے دوران قراردادیں پیش کی گئیں۔ پیر آف قمبر شریف سید غلام حسین شاہ بخاری پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ مٹھی بھر دہشت گردوں نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ حکومت کے پاس عوام کے جان و مال کے تحفظ کا کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔ ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ امریکہ براستہ سعودی عرب پاکستان میں شیعہ دیوبند مذہبی جنگ کروا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف منائے جانے والے یوم احتجاج کے موقع پر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری اور شکیل قادری نے مرکز اہلسنت سے جاری کردہ بیان میں کیا۔

محمد شاہد غوری نے کہا کہ آج 23 فروری ملک بھر میں اہم شاہراوں پر دھرنے دئیے جائیں گے اور 25 فروری کو کراچی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔ علماء، مشائخ اہلسنت اور مزارات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ محمد شکیل قادری نے کہا ہے کہ پیر آف قمبر شریف پیر سید غلام حسین شاہ بخاری کے پوتے کی بم دھماکے میں شہادت سندھ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ قوم یاد رکھے پاکستان ناکام ریاست نہیں بلکہ حکمران اور سیاستدان نا اہل ہوچکے ہیں، کراچی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں، کارکنان کے ایک ایک قطرے کا حساب چاہتے ہیں، نام نہاد جمہوری حکومت نے گذشتہ پانچ سالوں میں عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالا، عوام اس فرعونیت کے زمانے میں موسیٰ کا انتظار کرنے کی بجائے خود میدان میں آئیں، اپنے دشمن سے انتقام اپنے صبر اور امن قائم رکھ کر ہی لیں گے۔

شکیل قادری نے بلوچستان حب چوکی پر ٹارگٹ کلنگ و دہشتگردی کے خلاف احتجاجی دھرنے پر انتظامیہ کی فائرنگ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بلوچستان کی انتظامیہ ٹارگٹ کلرز اور دہشتگردوں کو گرفتار نہیں کررہی، اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے مظلوم عوام جو امن چاہتے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف ہیں ان کے پر امن احتجاج پر فائرنگ عوام دشمن عمل اور آئین و قانون کے خلاف ہے، حکومت اس واقعہ کا نوٹس لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں سمیت تمام طبقات سیاسی مذہبی جماعتوں اور ملکی سلامتی کے اداروں کو دین اسلام کی بقاء اور پاکستان کی خود مختاری کی جنگ لڑنا ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 241767

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/241767/امریکہ-براستہ-سعودی-عرب-پاکستان-میں-شیعہ-دیوبندی-جنگ-کروا-رہا-ہے-سنی-تحریک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org