QR CodeQR Code

پارلیمانی پارٹی وزیراعظم کی قیادت میں متحد ہے، چوہدری یاسین

23 Feb 2013 12:27

اسلام ٹائمز: خطہ میں سیاسی استحکام تعمیر و ترقی کا زینہ ثابت ہو گا۔ اپوزیشن نگران سیٹ اپ کا انتظار کرے۔ آزاد کشمیر میں مالی بحران نہیں اور ان ہائوس تبدیلی کا بھی کوئی امکان نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ حکومت تبدیلی کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ قائد ایوان کی قیادت میں پوری حکومتی ٹیم متحد ہے۔ اپوزیشن نگران سیٹ اپ کا انتظار کرے اب کوئی ان کی مدد کو نہیں آئے گا۔ ماضی کی لوٹ کھسوٹ پر مبنی سیاسی نظام کو ختم کر دیا ہے۔ اعلی ایوانوں کے دروازے عام آدمی کے لیے ہم نے کھولے۔ اپوزیشن بلا جواز اور بے بنیاد تنقید کر کے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ ہم کبھی ریاستی تشخص اور قومی معاملات پر سودے بازی نہیں کی۔ عوامی اور انقلابی حکومت عوام کے مسائل سے غافل نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ 

چوہدری یاسین نے کہا کہ آزاد خطہ میں سیاسی استحکام تعمیر و ترقی کا زینہ ثابت ہو گا۔ ریاست کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے اور تعمیر و ترقی کے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پوری حکومتی مشنری مستعد ہے۔ عوام کو انکی دہلیز پر انصاف فرہام کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ حکومت دیہی علاقوں میں بھی شہری علاقوں کے برابر سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کوئی مالی بحران نہیں ہے۔ وفاقی حکومت آزاد خطے کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتی ہے اور تعمیر و ترقی کے امور میں بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 241838

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/241838/پارلیمانی-پارٹی-وزیراعظم-کی-قیادت-میں-متحد-ہے-چوہدری-یاسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org