QR CodeQR Code

لاہور میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن جاری، 15 سے زائد گرفتار

23 Feb 2013 14:03

اسلام ٹائمز: پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ڈاکٹر سید علی حیدر کے قاتلوں کے نزدیک پہنچ چکے ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ ادھر اہل تشیع کی نمائندہ شخصیات نے اس پولیس آپریشن پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں اب تک 15 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ کہا جا رہا ہے کہ گرفتاریوں کے اس سلسلے کو پورے پنجاب تک وسعت دی جائے گی۔ اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آپریشن سانحہ کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے بعد وفاقی وزارت داخلہ کی خصوصی ہدایات پر کیا جا رہے اور امید ہے کہ تمام خطرناک مذہبی کارکنوں کو حراست میں لے لیا جائے گا۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حالیہ گرفتاریاں معروف آئی سرجن ڈاکٹر سید علی حیدر اور ان کے بیٹے کے قاتلوں کی تلاش کیلئے عمل میں لائی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ڈاکٹر سید علی حیدر کے قاتلوں کے نزدیک پہنچ چکے ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ ادھر اہل تشیع کی نمائندہ شخصیات نے اس پولیس آپریشن پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ 

رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب بھی دہشت گردی کی کوئی واردات ہوتی ہے پولیس اسی طرح حرکت میں آتی ہے دوچار بےگناہ افراد کو دھر لیا جاتا ہے اور قاتلوں کے قریب پہنچ جانے کی خبر سنا دی جاتی ہے لیکن نہ قاتل پکڑے جاتے ہیں اور نہ کوئی پیش رفت ہوتی ہے بلکہ پہلے سے گرفتار لوگوں کو بھی رہا کر دیا جاتا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے ساتھ نرم گوشہ رکھتی ہے اور ان کی کالعدم جماعت کیساتھ سیاسی ایڈجسٹمنٹ ہے جس کی وجہ سے پنجاب میں آپریشن ہو گا ہی نہیں اور اگر ہوا بھی تو محض دکھاوے کے لئے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ مشکل نہیں بس اس میں حکومت سنجیدہ ہو جائے شام سے پہلے دہشت گردی ختم ہو سکتی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب پولیس بہت باصلاحیت ہے لیکن اس کی صلاحیتوں کو استعمال ہی نہیں کیا جا رہا جس وجہ سے کوئی نتائج سامنے نہیں آ رہے۔


خبر کا کوڈ: 241883

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/241883/لاہور-میں-دہشتگردوں-کیخلاف-آپریشن-جاری-15-سے-زائد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org