QR CodeQR Code

عالمی برادری، حریت کانفرنس قیادت کی نظربندی ختم کرائے، عبدالمجید

24 Feb 2013 10:03

اسلام ٹائمز: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگیں خلاف ورزیاں مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس قیادت کی نظربندی ختم کرائے۔ مقبوضہ کشمیر سےکالے قوانین کے ختم کروائے۔ عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں کا حق خودارادیت دلانے کے لیے آمادہ کرے۔ عالمی برادری بھارت کو نیوکلیئر ایشیاء کے امن کو برباد کرنے سے باز رکھے۔ بھارت طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے، جس نے نیوکلیئر ایشیاء کے امن کو مسلسل دائو پر لگا رکھا ہے۔ عالمی برادری ایشیاء کے امن کے لیے مسئلہ کشمیر حل کروائے۔ 

انھوں نے کہا کہ افضل گورو کو پھانسی دے کر بھارت نے رول آف لاء کو پھانسی دی ہے۔ جمہوریت کو پھانسی دی ہے۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق ہے۔ بھارت کی 8 لاکھ سے زائد فوج منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے زیادہ عرصے تک کشمیر کو اس حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔ برطانوی ادارے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگیں خلاف ورزیاں مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ 

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاک افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں۔ کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کشمیریوں نے بھارت کے غیر قانوی قبضے کو مسترد کر رکھا ہے۔ کشمیری سینے پر گولی کھانے کو ہر وقت تیار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں تارکین وطن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی جدوجہد کو منظم اور مربوط بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 242117

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/242117/عالمی-برادری-حریت-کانفرنس-قیادت-کی-نظربندی-ختم-کرائے-عبدالمجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org