0
Wednesday 27 Feb 2013 01:18

امریکہ نیک نیتی کیساتھ ایران سے تعلقات اچھے کرنے کیلئے تیار ہے، جان کیری

امریکہ نیک نیتی کیساتھ ایران سے تعلقات اچھے کرنے کیلئے تیار ہے، جان کیری
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کل اپنے برطانوی ہم منصب ویلیم ہیگ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر ایران، امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کو قبول کرلے تو ہم بھی پوری طرح مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ امریکہ کی طرف سے ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی پیشکش ایسی حالت میں کی جا رہی ہے کہ ادھر امریکی حکومت کی قیادت میں اسلامی جمہوری ایران کے خلاف پابندیاں مزید سخت ہوتی جا رہی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دعویٰ کیا ہے کہ نیک نیتی اور متقابل احترام سے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے ایسی حالت میں ایران سے ایک بار پھر مذاکرات کی اپیل کی ہے کہ اس سے قبل رہبر معظم انقلاب اسلامی نے 7 فروری کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ، مذاکرات کو ایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے اور مسلم ممالک کو یہ دکھانا چاہتا ہے کہ ایران بھی اپنی تمام تر استقامت کے باوجود، بلآخر مذاکرات کے لئے راضی ہوگیا۔ اس سے قبل بھی امریکی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان وکٹوریہ نولنڈ نے بھی امریکی حکومت کی طرف سے جمہوری اسلامی ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ 

ادھر ایران کے خبررساں ادارے فارس نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے قزاقستان کے شہر آلماتی میں ایران اور گروہ 5+1 (امریکہ، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جرمنی) کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے آٹھویں دور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ ان مذاکرات میں ایران اپنے ایٹمی مسئلہ کے ڈپلومیٹک راہ حل کے قریب تر ہونے کے لئے مثبت قدم اٹھائے گا۔ جان کیری کا مزید کہنا تھا کہ قزاقستان میں ہونے والے مذاکرات، گفتگو کے اس عمل کی تقویت کا باعث بنیں گے اور ایران اپنے ایٹمی پروگرام کے مسئلہ کے حل کے لئے قریب تر ہونے کیلئے ڈپلومیٹک راہ حل کا انتخاب کرے گا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے گذشتہ روز یورپی اور مشرق وسطٰی کے 9 ممالک کے دورے کے لئے اپنے سفر کا آغاز لندن سے کیا ہے اور آج وہ اس سلسلے میں جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کو اقتدار چھوڑنا ہوگا۔ انھوں نے ایران کے ساتھ مشروط اچھے تعلقات کا عندیہ بھی دیا۔ لندن میں برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ بہترین مستقبل شام کی عوام کا حق ہے۔ شام میں اپوزیشن اتحاد کے ساتھ واضح اقدامات کے حوالے سے امریکہ بات چیت کرے گا۔ بشار الاسد کو اقتدار چھوڑنا ہوگا۔ شام میں اپوزیشن اتحاد کی امریکہ حمایت جاری رکھے گا۔ خطے میں ایران جوہری ہتھیار کے ساتھ امن کے لیے خطرہ ہے۔ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر مذاکراتی آپشن ہمیشہ موجود نہیں رہے گا۔ ایران کے ساتھ نیک نیتی سے تعلقات اچھے کرنے کے لیے امریکا تیار ہے۔ افغانستان میں مستقبل میں سکیورٹی کے نظام اور منتقلی اقتدار کے حوالے سے بات چیت کا عمل جاری ہے۔ 

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ جان کیری وزارت سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر برطانوی دارالحکومت لندن پہنچے، جہاں وہ برطانوی حکام سے شام، ایران اور اسرائیل فلسطین تصادم کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کریں گے۔ اپنے نو ممالک کے گیارہ روزہ دورے میں وہ برلن، پیرس، روم، انقرہ، قاہرہ، ریاض، ابو ظہبی، اور دوحہ جائیں گے۔ لندن، برلن اور پیرس کے دورے کے بعد امریکی وزیر خارجہ جان کیری روم کا دورہ کریں گے، جہاں شامی اپوزیشن کے ارکان سے صدر بشار الاسد کیخلاف گذشتہ دو سالوں سے جاری تحریک کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے پہلے دورہ برطانیہ، روس، جرمنی، چین، فرانس کے دوران اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرینگے کہ یہ ممالک ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے کسی ایک نقطے پر متفق ہوں۔
خبر کا کوڈ : 242761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش