0
Wednesday 27 Feb 2013 13:13

امریکی سینیٹ نے چک ہیگل کو وزیر دفاع بنانیکی منظوری دیدی

امریکی سینیٹ نے چک ہیگل کو وزیر دفاع بنانیکی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ امریکی سینیٹ نے چک ہیگل کو وزیر دفاع بنانے کی منظوری دے دی ہے، وہ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ سینیٹ میں رائے شماری کے دوران 58 ارکان نے چک ہیگل کی حمایت اور 41 ارکان نے مخالفت کی۔ ری پبلکنز کی جانب سے چک ہیگل کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود ری پبلکن پارٹی کے 4 سینیٹرز نے ان کے حق میں ووٹ دیئے۔ چک ہیگل صدر اوباما کے تحت کام کرنے والے تیسرے وزیر دفاع ہیں جو آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ری پبلکن پارٹی نے ایران اور اسرائیل سے متعلق چک ہیگل کے نظریات کی وجہ سے انہیں وزیر دفاع بنانے کی سخت مخالفت کی تھی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ چک ہیگل اسرائیل مخالف رویہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عراق میں امریکی فوج کی تعداد میں اضافے کے فیصلے پر بھی اختلاف کیا تھا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی سینیٹ نے نبراسکا سے تعلق رکھنے والے سابق ریپبلکن سینیٹر چک ہیگل کی ملک کے نئے وزیرِ دفاع کے عہدے پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ چک ہیگل ایک آزادانہ رائے رکھنے والے سینیٹر کی شہرت رکھتے ہیں اور وہ سبکدوش ہونے والے وزیرِ دفاع لیون پنیٹا کی جگہ لیں گے۔ سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران ان کی تقرری کے حق میں اٹھاون اور مخالفت میں اکتالیس ووٹ آئے۔ اپوزیشن ری پبلکن پارٹی نے بارہ دن قبل ان کی تقرری کی منظوری کے لیے ووٹنگ ملتوی کروا دی تھی اور ایران اور اسرائیل کے بارے میں ان کے خیالات اور اس عہدے کے لیے ان کی قابلیت پر سوال اٹھائے تھے، تاہم ایک ہفتے تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد ریپبلکنز اپنے اعتراضات واپس لینے پر تیار ہوگئے تھے۔ 

دوسری طرف نامزد امریکی وزیر دفاع کی 2011ء میں کی گئی ایک اہم تقریر منظر عام پر آگئی ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت، افغانستان میں دہشتگردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے، جس سے پاکستان کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارت افغان محاذ کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ چیک ہیگل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے افغانستان کو پاکستان کے خلاف سیکنڈ فرنٹ کی صورت استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان میں دہشتگردی بڑھی ہے بلکہ اس کے مسائل میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی سپورٹ کو کئی پیرائے میں دیکھا جاسکتا ہے کیونکہ گذشتہ کچھ عرصہ سے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بگاڑ پیدا ہوچکا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے امریکی صدر باراک اوبامہ کی جانب سے نامزد وزیر دفاع چیک ہیگل کے بیانات کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بھارت اپنے ہمسائیہ ممالک میں امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 242846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش