0
Wednesday 27 Feb 2013 20:31

ریاستی سطح پر دہشت گردوں کی سرپرستی ختم کی جائے، فضل کریم

ریاستی سطح پر دہشت گردوں کی سرپرستی ختم کی جائے، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ کوئٹہ چین کے خلاف امریکی گیم کا نشانہ بنا ہوا ہے، اقتدار کے لیے گرینڈ الائنس بنانے والے عوامی مسائل کے حل کے لیے الائنس کیوں نہیں بناتے، نامزد امریکی وزیردفاع کا افغانستان میں بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کا اعتراف آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے، مفاد پرست سیاست کاروں نے نظریاتی سیاست دفن کر دی ہے، اقتدار کے لیے سارے اصول بھلا دیئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر پارٹی کارکنوں اور راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ارکان اسمبلی کو ڈگریوں کی تصدیق کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑے لیڈر اپنی جائیدادیں ملک سے باہر رکھنا پسند کرتے ہیں اس لیے اگر دوہری شہریت بری ہے تو ’’دہری جائیداد‘‘ رکھنا بھی جرم ہے، جن کی جائیدادیں باہر ہیں ان کی پاکستان سے وفاداری منقسم ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے امن و امان کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مولوی فقیر محمد کو انٹرپول کے ذریعے افغانستان سے پاکستان لانے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے معیشت اور جمہوریت دونوں کو تباہ کر دیا ہے، حکمران اور لیڈر غصہ اور غرور چھوڑ دیں تو سنجیدہ اور شائستہ سیاسی کلچر وجود میں لایا جا سکتا ہے، ریاستی سطح پر دہشت گردوں کی سرپرستی ختم کی جائے، داخلی سلامتی کو درپیش خطرات کے مقابلہ کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے، دہشت گردی سے نجات کے لیے مضبوط اور مؤثر کاؤنٹر ٹیرر ازم فورس بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ رحمان ملک زبانی جمع خرچ کی بجائے دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات کریں، ریاستی سطح پر دہشت گردوں کی سرپرستی ختم کی جائے اور پورے پاک افغان بارڈر کو سیل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 242968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش