0
Friday 1 Mar 2013 00:21

پرویز مشرف حملہ کیس کے ملزمان کی سزاء کیخلاف نظرثانی اپیلوں کا فیصلہ محفوظ

پرویز مشرف حملہ کیس کے ملزمان کی سزاء کیخلاف نظرثانی اپیلوں کا فیصلہ محفوظ
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے پرویز مشرف حملہ کیس کے ملزمان کی جانب سے سزا کیخلاف دائر نظرثانی اپیلوں کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ملزم نوید اور عامر سہیل کی سزا عمر قید سے بڑھا کر سزائے موت کردی گئی تھی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکن بنچ نے جمعرات کے روز ملزمان کی نظرثانی کی اپیلوں کی سماعت شروع کی تو اس دوران وزارت دفاع کی جانب سے پیش ہونے والے مجیب الرحمان ایڈووکیٹ نے وزارت دفاع کا ریکارڈ اور ملزمان کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ملزم نوید کی سزا میں اضافہ غلطی تھی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آپ اپنے موکل کے کہنے پر یہ تسلیم کر رہے ہیں۔ جس پر وکیل نے کہا کہ موکل کی ہدایت پر نہیں بطور وکیل بات کر رہا ہوں۔ سزا میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہی نہیں کیا گیا۔ اپیل کنندہ کی عدم موجودگی میں سزا پر عمل نہیں ہوا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آپ کے کہنے کا مطلب ہے کہ صرف سزا میں اضافے کا نوٹیفکیشن ہی جاری نہیں ہوا۔
 
جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ اور مقررہ وقت کے بعد اپیل دائر کی گئی تھی۔ جس پر چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اس معاملے کی وجہ سے ہمارے پاس جو پانچ اپیلیں زیر سماعت ہیں اس پر بھی اس کا اثر پڑے گا۔ اس پر فاضل وکیل کا کہنا تھا کہ میرا مقصد عدالت کے روبرو حقائق سامنے لانا ہے، فیصلہ عدالت کی صوابدید پر ہے اور یہ عدالتی اختیار ہے کہ وہ اس حوالے سے فیصلہ کرے۔ فاضل وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ آرٹیکل 133-b کے تحت سزا میں اضافہ ہوسکتا ہے اور یہ اختیار اپیلٹ کورٹ کو حاصل ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ کیا آپ کو یہ بھی بتانا پڑے گا کہ اپیل مقررہ وقت پر دائر کی گئی تھی۔ وکیل نے کہا کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ اپیل بعدالمیعاد تھی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے موقف سے تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جیسے اپیل دائر ہی نہیں ہوئی۔
 
اس پر فاضل وکیل نے کہا کہ جس کو آپ بہتر سمجھتے ہیں۔ عدالت نے ان کے دلائل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ واضح رہے کہ رانا نوید، عامر سہیل سمیت پانچ دیگر ملزمان پرویز مشرف حملہ میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔ جن میں سے رانا نوید اور عامر سہیل کو عمر قید کی سزا دی گئی تھی تاہم وزارت دفاع نے بڑھا کر یہ سزائے موت کردی تھی۔
خبر کا کوڈ : 243217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش