0
Friday 1 Mar 2013 15:46

سچ بولنے کی سزا، پنجاب حکومت نے شیخ وقاص اکرم سے سکیورٹی واپس لے لی

سچ بولنے کی سزا، پنجاب حکومت نے شیخ وقاص اکرم سے سکیورٹی واپس لے لی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے کالعدم جماعتوں سے صوبائی حکومت کے تعلقات کا انکشاف کرنے پر رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و تربیت شیخ وقاص اکرم سے سکیورٹی واپس لے لی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا تھا کہ شیخ وقاص اکرم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلا لیا جائے جس پر پنجاب پولیس حکام نے وفاقی وزیر کی سکیورٹی پر مامور عملے کو واپس بلا لیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ مجھے کافی عرصے سے دھمکیاں بھی مل رہیں لیکن میں اپنے اس موقف پر قائم ہوں کہ پنجاب حکومت کے کالعدم جماعت سے تعلقات ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ صرف ووٹوں کیلئے پنجاب حکومت رانا ثناءاللہ کے ذریعے کالعدم جماعت کیساتھ رابطے میں ہے اور میں اپنے اس موقف پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت میرے ساتھ مناظرہ کر لے میں ثابت کر دوں گا کہ ان کے تعلقات ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مجھ پر کافی دباؤ ہے اور میری اور میرے اہل خانہ کی جان کو خطرہ ہے، اگر اس دوران مجھ پر حملہ ہوا یا میرے خاندان کے کسی فرد کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہو گی۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ یہ معاملہ میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھاؤں گا اور واضح کروں گا کہ سچ بولنے کے جرم میں میری سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے یہ اوچھے ہتھکنڈے مجھے میرے عزم سے نہیں ہٹا سکتے میں سچ بولتا رہوں گا۔
خبر کا کوڈ : 243325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش