0
Saturday 2 Mar 2013 04:12

کرپٹ حکومت نے تیل کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر الوداعی وار کیا، جماعت اسلامی

کرپٹ حکومت نے تیل کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر الوداعی وار کیا، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی مظفر ہاشمی، لئیق خان، نصراللہ شجیع، یونس بارائی اور حمیداللہ ایڈووکیٹ نے عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری حکومت نے اپنا دور اقتدار لوٹ کھسوٹ میں گذارا اور جاتے جاتے عوام پر الوداعی وار کر رہے ہیں، 5 سالوں میں پاکستان میں مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، لوگ خط غربت سے نیچے کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر ملک کو کنگال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی برسر اقتدار آئی تو پٹرول 63 اور ڈیزل 38 روپے لیٹر تھا مگر اب بالترتیب 106 اور 113 روپے تک پہنچ چکا ہے، ان اعداد و شمار کو دیکھ کر ایک عام آدمی بھی بخوبی اندازہ لگا سکتا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے کس طرح ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں مگر حکومت نے لوٹ مار کی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کردیا ہے۔ اس امر کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر براہ راست تمام اشیائے صرف پر پڑے گا اور مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس کے آگے غریب عوام کی کمر مزید دہری ہوجائے گی۔ لوگ پہلے ہی عزت کے ساتھ دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے سخت مشکلات جھیل رہے ہیں، مہنگائی کے نئے طوفان سے لوگوں کی قوت خرید جواب دے جائے گی اور شہری بیوی بچوں کے ساتھ فاقہ کشی پر مجبور ہو جائیں گے، جبکہ کرائم میں اضافے کا بھی سبب بنے گا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اپنے خیر خواہوں اور دشمنوں کی پہچان کریں اور آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے ان کا احتساب کریں۔ سابق ارکان اسمبلی جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نہ صرف واپس لیا جائے بلکہ تیل کی قیمتوں میں خاطر کواہ کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کے جن کو قابو کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 243500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش