0
Saturday 2 Mar 2013 18:15

امریکی حلیف ہونے کے باوجود ہماری سلامتی خطرے میں ہے، سید وسیم اختر

امریکی حلیف ہونے کے باوجود ہماری سلامتی خطرے میں ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت کسی ایک بحران کا شکار نہیں، مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کی انتہا کو چھوتی لوڈشیڈنگ جیسے کئی بحرانوں نے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے، حکمرانوں کی نااہلی اور غیرسنجیدگی کی وجہ سے ملکی معیشت کا پہیہ جام اور لاکھوں مزدور بےروزگار ہو چکے ہیں، مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، ملک اور عوام کو تمام بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے بروقت انتخابات کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے قریب آتے ہی ملکی حالات کو خراب کرنے کی سازشیں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ کچھ طاقتیں الیکشن کو ملتوی کروانے کی کوششیں کر رہی ہیں، آئے روز ملک کے کسی نہ کسی شہر میں بم دھماکے اور قتل و غارت کی وارداتیں ہو رہی ہیں، کچھ طاقتوں نے الیکشن کو ملتوی کرانے کے لئے پاکستان کو قتل گاہ بنا دیا ہے، ملکی حالات انتہائی بدتر ہو چکے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو راضی کرنے میں لگا ہوا ہے، امریکی مداخلت کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال دگرگوں ہے۔ امریکہ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف سرگرم عمل ہے، امریکہ کے حلیف ہونے کے باوجود پاکستان کی سلامتی کا سوال اٹھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باکردار اور محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک دشمن پالیسیوں اور غیر ملکی مداخلت کی مذمت کی ہے، ملک کو اس وقت مخلص قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو تباہ ہونے سے بچا سکے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ ملک کی سب سے بڑی خرابی اور بدنصیبی یہ ہے کہ وہ لوگ ہم پر مسلط ہو گئے ہیں جو ملک کے مفاد کو عزیز رکھنے کی بجائے امریکی مصلحت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جب تک پاکستان کی سیاست سے ذاتی مفاد پرستی اور خاندان پرستی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا ملکی حالات درست نہیں ہو سکتے۔
خبر کا کوڈ : 243659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش