QR CodeQR Code

ایشیاء کی سب سے بڑی تقریب

11 مارچ کو گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح پاکستانی اور ایرانی صدور مشترکہ طور پر کرینگے، منظور وٹو

وزیراعلٰی پنجاب کا دہشتگردوں سے تعلق سامنے آگیا

2 Mar 2013 20:06

اسلام ٹائمز: لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پی پی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ کی چین کو حوالگی اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ حکومت کے بہت بڑے منصوبے ہیں، تمام طاقتیں پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کر رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے الیکشن کمشن آف پاکستان سے پنجاب میں انتخابات سے قبل ہونے والی دھاندلی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی پنجاب اپنے من پسند افسران کو اہم محکموں میں تعینات کر رہے ہیں، جو انتخابات میں اُن کی جماعت کے لیے سود مند ثابت ہوسکتے ہیں اور یہ انتخابات سے قبل دھاندلی کے مترادف ہے۔ الکیشن کمشن اس بات کا نوٹس لے۔ ایک سوال پر منظور احمد وٹو کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے گوادر پورٹ اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبوں کے فیصلہ کرکے دو ایسے چھکے لگائے ہیں جو آج تک کوئی نہیں لگا سکا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت عالمی پریشر برداشت نہیں کرسکا اور معاہدے سے پیچھے ہٹ گیا، مگر قومی مفاد کے فیصلے پر صدر زرداری ڈٹ گئے۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ گیارہ مارچ کو ایرانی صدر احمدی نژاد اور صدر زرداری مشترکہ طور پر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح کرینگے۔ یہ ایشیاء کی سب سے بڑی تقریب ہوگی، جس میں دوسرے ممالک کے سربراہان کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے۔ میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اوگرا کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ منظور وٹو کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں جب انتخابات قریب ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی مخالفت مول نہیں لے سکتی۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب کا دہشت گردوں سے تعلق سامنے آگیا ہے، حکومت دہشت گردوں کی ساتھی بن جائے تو عوام کا تحفظ کون کرے گا، لاہور میں پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے دہشت گردوں کے ساتھ انتخابی اتحاد کر لیا ہے، اسی وجہ سے پیپلزپارٹی ن لیگ کے ساتھ نہ چلنے پر مجبور ہوگئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ کی چین کو حوالگی اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ حکومت کے بہت بڑے منصوبے ہیں، تمام طاقتیں پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کر رہی ہیں، بلوچستان میں بھی مخصوص مقاصد کیلئے تحریکیں چلائی جا رہی ہیں، منظور وٹو کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وسیع پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے قبل از انتخابات دھاندلی ہے، چیف الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔


خبر کا کوڈ: 243679

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/243679/11-مارچ-کو-گیس-پائپ-لائن-منصوبے-کا-افتتاح-پاکستانی-اور-ایرانی-صدور-مشترکہ-طور-پر-کرینگے-منظور-وٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org