0
Monday 4 Mar 2013 22:01
عالمی برادری پاکستان کے مسائل کا ادراک کرے

قومی مفاد اولین ترجیح، پاک ایران گیس منصوبے کا افتتاح 11 مارچ کو ہوگا، آصف زرداری

قومی مفاد اولین ترجیح، پاک ایران گیس منصوبے کا افتتاح 11 مارچ کو ہوگا، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا عالمی برادری کو ادراک ہونا چاہئے۔ ہماری اولین ترجیح پاکستان اور ملک کا قومی مفاد ہے۔ صدر نے پریم نگر ڈرائی پورٹ، الائی خواڑ اور جناح ہائیڈرو پاور منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ گورنر ہائوس لاہور میں پریم نگر ڈرائی پورٹ، جناح ہائیڈرو پاور اور الائی خواڑ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کے ساتھ اقتصادی ترقی کا خواہاں ہے، نجی شعبے کے اشتراک کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا گیارہ مارچ کو افتتاح کیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ سستی توانائی کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔ صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت اب تک چار ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر چکی ہے اور اکیس ہزار میگا واٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
 
صدر آصف علی زردای سے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر عابد ساقی کی قیادت میں نومنتخب عہدیداروں نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر نے بار کے لئے دو کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ عابد ساقی نے اس موقع پر بلاول بھٹو کو بار سے خطاب کی دعوت دی۔ صدر کا کہنا تھا کہ پہلی بار جمہوری حکومت پانچ سالہ مدت پوری کر رہی ہے۔ جمہوریت کے ساتھ کمٹڈ ہیں، صاف شفاف انتخابات کے ذریعے آئینی طور پر انتقال اقتدار ہوگا۔ صدر مملکت سے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے بھی ملاقات کی، جس میں منظور احمد وٹو بھی شریک ہوئے۔ صدر کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جمہوریت کے استحکام سے ملکی ترقی کا سفر تیز ہوگا۔ صدر نے گورنر کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے اقدامات کو ترجیح دی جائے۔ گورنر نے صدر کو صوبے کے امور بارے بریفنگ بھی دی۔

دیگر ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان کے مسائل کا ادراک ہونا چاہیے، پاک ایران گیس پائپ لائن پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ گورنر ہاوس لاہور میں پریم نگر ریلوے ڈرائی پورٹ، جناح اور علی خاور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ توانائی کا بحران انتہائی سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے، اس کے حل کیلئے جامع پلان پر عمل کر رہے ہیں، توانائی کے حصول کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔ صدر آصف زرداری سے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر عابد ساقی کی قیادت میں وکلاء کے وفد نے ملاقات کی،اس موقع پر صدر زرداری کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے، عوام جنہیں ووٹ دیں گے، اقتدار انہی کے حوالے کریں گے، وہ جمہوریت کے استحکام کیلئے پرعزم ہیں، پہلی بار جمہوری حکومت 5سال کی مدت پوری کر رہی ہے، صدر نے لاہور ہائی کورٹ بار کیلئے دو کروڑ روپے فنڈز کا اعلان کیا، صدر آصف زرداری سے تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری اصغر اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے بھی ملاقات کی۔
خبر کا کوڈ : 244232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش