QR CodeQR Code

سانحہ عباس ٹائون، حکمران اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے عوام کی جان چھوڑ دیں، جماعت اسلامی

5 Mar 2013 06:53

اسلام ٹائمز: کراچی میں عباس ٹائون کے بم دھماکے میں شہید اور زخمی ہونیوالے افراد کیلئے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت ایم کیو ایم کی ناز برداریاں اُٹھانے کی بجائے ایسے اقدامات کرے جن سے بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ رُک سکے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر، نائب امیر چودھری عزیر لطیف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال نے کراچی میں عباس ٹائون کے بم دھماکے میں شہید اور زخمی ہونیوالے افراد کیلئے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید مذمت اور حکومت کی بدترین ناکامی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں افراد کی ہلاکت حکومت اور قانون نافذ کرنیوالوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے آئے روز دن دہاڑے پورے ملک میں بم دھماکے اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری ہے مگر حکومت وایجنسیاں اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے دہشت گردوں کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں عوام کو حکومت نے دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایم کیو ایم کی ناز برداریاں اُٹھانے کی بجائے ایسے اقدامات کرے جن سے بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ رُک سکے۔ ہلاک ہونیوالوں کے لواحقین کو فوری ادائیگی کی جائے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میں میاں آصف محمود اخوانی، عارف محمود سمرا، ڈاکٹر اشرف علی عتیق، ڈاکٹر حفیظ انور، صہیب عمار صدیقی، خورشید خان کانجو، میاں منیر بودلہ، چودھری اکرام الحق، اطہر عزیز ایڈووکیٹ، کنور محمد صدیق نے سانحہ عباس ٹائون کراچی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوس ناک و اندوہناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو جان ومال کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے وہ خدارا قوم پر رحم کرتے ہوئے اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے عوام کی جان چھوڑ دے۔ جو حکومت عوام کو تحفظ فراہم نہ کرسکے اس حکومت کو عوام پر مسلط رہنے کا ایک دن بھی حق نہیں۔


خبر کا کوڈ: 244295

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/244295/سانحہ-عباس-ٹائون-حکمران-اپنی-ناکامیوں-کو-تسلیم-کرتے-ہوئے-عوام-کی-جان-چھوڑ-دیں-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org