0
Wednesday 6 Mar 2013 11:57

کشمیری سکالر کی شہادت ماورائے عدالت قتل ہے، سردار عتیق

کشمیری سکالر کی شہادت ماورائے عدالت قتل ہے، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارت مظالم اور کشمیری قیادت کی گرفتاریاں اور نظربندی کے واقعات تحریک آزادی کشمیر کے جذبے کو سرد نہیں کر سکتے۔ کنٹرول لائن پر مزید بھارتی افواج کی تعیناتی عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ افضل گورو کی شہادت عدالتی قتل ہے جس کی تصدیق بھارتی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رام جیٹھ ملانی نے بھی کی ہے۔ حیدرآباد دکن میں کشمیری سکالر مدثر احمد کی شہادت ماورائے عدالت قتل ہے۔ اہل کشمیر انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے وہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تحریک منہاج القران کے مرکزی رہنما سردار افتخار حسین سے بات چیت کر رہے تھے۔ 

سردار عتیق احمد نے کہا کہ افضل گورو کی غیر قانونی موت کی جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور یورپی یونین نے بھی مذمت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر آئینی اور غیراخلاقی مذموم اقدامات پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ افضل گورو کی میت فوری طور پر اس کے ورثاء کے حوالے کی جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں حریت قائدین سید علی گیلانی کی نظر بند کیا گیا ہے اور میر واعظ عمرفاروق کو جمعہ پڑھانے کی اجازت نہیں دی گئی ایسے ہتھکنڈے آزمانےسے بھارت پوری دنیا میں رسوا اور بدنام ہو رہا ہے۔ ہندوستان نصف صدی سے تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کرنے کے لیے غیرقانونی طریقے اپنائے ہوئے ہے جس کی وجہ سے اس پر عالمی برادری کا اعتماد ختم ہو رہا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیر مملکت دفاع نے کنٹرول لائن پر مزید بحارتی فوج کی تعیناتی کی بات کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ ایسے اوچھے حربے تحریک آزادی کے لیے مزید استحکام کا موجب بنیں گے۔ سردار عتیق نے کہا کہ امریکہ افغانستان سے نکلنے سے قبل مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی وعدوں کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اس سے عالمی امن کے قیام میں بڑی مدد ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 244632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش