0
Wednesday 6 Mar 2013 17:10

سانحہ عباس ٹاؤن حکومت کی نااہلی ہے، مسلم لیگ فنکشنل / ایم ڈبلیو ایم

سانحہ عباس ٹاؤن حکومت کی نااہلی ہے، مسلم لیگ فنکشنل / ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) اور مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ سانحہ عباس ٹاؤن حکومت کی نااہلی ہے اور کراچی میں قتل و غارت گری روکنا ان کے بس کا روگ نہیں ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر متاثرین کی بحالی کے لئے اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کراچی ڈویژن کے صدر پیرزادہ یاسر سائیں، کامران ٹیسوری، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین سندھ علامہ مختار امامی، سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن علامہ سید صادق رضا تقوی نے مسجد و امام بارگاہ شاہ خراسان، سولجر بازار کراچی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد سے  ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے وفد نے پیر صاحب پگارا کی جانب سے سانحہ عباس ٹاؤن کے 50 سے زائد شہداء کی تعزیت پیش کی۔ اس کے موقع پر جعفریہ لیگل ایڈ کمیٹی کے سربراہ سید تصور حسین رضوی، مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری اعجاز سومرو، ظہیر عثمانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء مولانا احمد اقبال اور آل پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد علی جعفری بھی موجود تھے۔

لیگی رہنماء پیرزادہ یاسر سائیں نے کہا کہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین خود کو اکیلا نہ سمجھیں، پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ عباس ٹاؤن میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے سرعام پھانسی دی جائے۔ پیرزادہ یاسر نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف امت مسلمہ کو متحد ہو کر جنگ لڑنی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد ملک کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما اور معروف صنعتکار کامران ٹیسوری نے کہا کہ فنکشنل لیگ قومی و صوبائی اسمبلی میں دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور ان کی نقل مکانی کو روکا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر گھر بنا کر دیئے جائیں اور معاوضہ ادا کیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا مختار امامی نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے اور صرف بیانات تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ کے بعد اداروں کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تدفین کے بعد واپس آنے والے افراد پر رینجرز کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس میں دو افراد شہید اور 18 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ مولانا مختار امامی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ مولانا مختار امامی نے کہا کہ 24 مارچ 2013ء کو مجلس وحدت مسلمین کے تحت حیدرآباد میں دہشت گردی اور مزارات پر حملے کے خلاف جلسہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 244635
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش