0
Thursday 7 Mar 2013 09:17

مقبوضہ کشمیر میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ کرفیو کا نفاذ، بھارتی تشدد میں 60 زخمی

مقبوضہ کشمیر میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ کرفیو کا نفاذ، بھارتی تشدد میں 60 زخمی
اسلام ٹائمز۔ مجلس مشاورت کی بارہمولہ چلو کال اور نوجوان کی ہلاکت کے خلاف ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر کے شہر خاص، بارہمولہ، سوپور، بانڈی پورہ، کپوارہ، ترہگام، پلوامہ، ترال اور دیگر کئی علاقوں میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ کرفیو نافذ رکھا گیا تاہم اس کے باوجود وادی کشمیر میں مختلف مقامات پر پُر تشدد واقعات رونما ہوئے جن کی زد میں آکر 3 پولیس افسروں، متعدد صحافی اور 60 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے جبکہ ریڈیو کشمیر کی دو گاڑیوں سمیت 2 درجن سے زیادہ نجی اور سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، اس دوران پولیس و بھارتی فورسز نے مظاہرین اور سنگبازوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے، مرچی گیس اور پیلٹ گن کا استعمال بھی کیا جبکہ کچھ مقامات پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، ادھر مزاحمتی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس مشاورت نے عوام سے پہلے مشتہر کئے گئے احتجاجی کلینڈر پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ پروگرام کا اعلان اتوار کو کیا جائیگا۔

بارہمولہ میں منگل کے روز قابض فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان کی ہلاکت کے پیش نظر ممکنہ طور بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کو روکنے کیلئے صوبائی انتظامیہ نے سرینگر کے شہر خاص میں 7 پولیس تھانوں کے تحت علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا اور اس وجہ سے ان تمام علاقوں کی آبادی پورے دن گھروں میں محصور ہوکر رہ گئی، تمام مقامات پر مشتعل نوجوانوں اور پولیس و فورسز کے درمیان سنگباری اور ٹیر گیس شیلنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں نصف درجن سے زیادہ افراد بشمول پولیس و فورسز اہلکار زخمی ہوئے، اُدھر نوہٹہ کے لوگوں نے الزام لگایا کہ کرفیو کے دوران وہاں تعینات پولیس اور فورسز اہلکاروں نے گھروں میں توڑ پھوڑ اور مکینوں کی مارپیٹ کے ساتھ ساتھ سڑک اور گلی کوچوں پر کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

ادھر دن بھر وادی کشمیر کے اطراف و اکناف جن میں گاندربل، بانڈی پورہ، بڈگام، پلوامہ اور اننت ناگ شامل ہیں، میں دن بھر پتھراو، لاٹھی چارج اور ٹئیر گیس شیلنگ کے علاوہ بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں دن بھر حالات پر تناو رہے، کئی مقامات پر سی آر پی ایف اہلکاروں کی جانب سے مکانوں میں زبردستی داخل ہونے اور توڑ پھوڑ کے علاوہ مکینوں کی مارپیٹ اور نوجوانوں کی گرفتاریوں کیخلاف بدھ کو بھی شبانہ مظاہرے کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 244831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش