0
Wednesday 6 Mar 2013 23:55

ایم کیو ایم ٹارگٹ کلنگ کروا کر آئندہ انتخابات پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، لیاقت بلوچ

ایم کیو ایم ٹارگٹ کلنگ کروا کر آئندہ انتخابات پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی کو جان بوچھ کر بدامنی کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے، لاکھوں کی تعداد میں عارضی پتہ رکھنے والوں کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دوسرے حلقے میں منتقل کیا گیا اور انتخابی فہرستوں کو پہلے سے ذیادہ خراب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ کروا کر آئندہ انتخابات پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے ہمراہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کراچی کے حالات اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا ذمہ دار متحدہ قومی موومنٹ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی میں صرف ٹارگٹ کلنگ ہی نہیں کروا رہی بلکہ آئندہ انتخابات پر بھی ڈاکہ ڈال رہی ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی کی ووٹرلسٹیں ایم کیو ایم نے اپنے مفادات کیلئے خراب کیں۔ انتخابات میں قتل عام کروایا جاتا ہے، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کے رہائشیوں کو منتشر کیا گیا ہے، اگر فوج اور دیگر ادارے امن قائم نہیں کر سکتے تو شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہی نہیں۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن جتنے بھی دعوے کرے فوج اور سکیورٹی اداروں کے تعاون کے بغیر کراچی میں انتخابات کا انعقاد نہیں ہو سکتا۔ لیاقت بلوچ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ گورنر سندھ تمام تخریب کاروں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ دعوٰی بھی کیا کہ انتخابات پرامن کرانے کیلئے کراچی کے عوام کو مصنوعی ہڑتالوں سے نجات دلائیں گے اور تیرہ مارچ کو سپریم کورٹ میں اپنے مطالبات بھرپور طریقے سے پیش کریں گے۔ لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
خبر کا کوڈ : 244837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش