0
Friday 8 Mar 2013 00:44

نواز لیگ کے 10 رکنی وفد کی مجلس وحدت پنجاب کے دفتر آمد، شہدا کیلئے فاتحہ خوانی

نواز لیگ کے 10 رکنی وفد کی مجلس وحدت پنجاب کے دفتر آمد، شہدا کیلئے فاتحہ خوانی
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے دس رکنی وفد کی محمد پرویز ملک کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں آمد اور سانحہ کوئٹہ اور کراچی میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں ممبر قومی اسمبلی سعود مجید، سابق ممبر قومی اسمبلی سید گلزار سبطین، ممبر صوبائی اسمبلی اسماء ممدوٹ، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری شہباز احمد، ممبر صوبائی اسمبلی مہر مشتاق احمد، مشیر وزیراعلٰی پنجاب الحاج حیدر علی مرزا، وزیراعلٰی پنجاب کے معاون خصوصی شجاعت احمد، مسلم لیگ ننکانہ کے صدر میجر ذوالفقار سید، مسلم لیگ ن لاہور کے نائب صدر اجمل حسین نقوی، ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر شامل تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے مسلم لیگ ن کے وفد کو صوبائی سیکرٹریٹ آنے پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی، مجلس وحدت مسلمین لاہور کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ اقبال کامرانی، اسد عباس نقوی اور دیگر شریک تھے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما محمد پرویز ملک نے کہا کہ کراچی اور کوئٹہ میں ہونے والے واقعات اور اُن میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کے لیے یہاں آئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ان سانحات میں شہید ہونے افراد کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیراعلٰی پنجاب کے مشیر الحاج حیدر علی مرزا نے کہا کہ ہم صوبائی حکومت اور میاں نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی وجہ سے اہل تشیع میں غم و غصہ موجود ہے اُسے دور کرنے کے لیے میاں برادران کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان میں ملت جعفریہ کی ترجمان جماعت ہے، جو کہ ملکی سطح پر اپنا ایک مقام رکھتی ہے۔ لہذا مسلم لیگ ن کی قیادت کو چاہیے کہ ملت کی آواز جو کہ دہشت گردی کے خلاف ہے، اُسے عملی جامہ پہنائے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے فاتحہ خوانی اور اظہار یکجہتی کے لیے آنے پر وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف آگے آنا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کے نیٹ ورک جو پنجاب میں ہیں، اُنکے خلاف آپریشن کیا جائے۔

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف اہل تشیع میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، جس کی بنیادی وجہ لیگی رہنماؤں پر الزام ہے کہ اُن کے کالعدم جماعتوں کے ساتھ روابط ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو چاہیے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑی ہو اور دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے کی بجائے پاکستان کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 245094
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش