QR CodeQR Code

دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے فوج کی نگرانی میں آپریشن کیا جائے، فضل کریم

8 Mar 2013 13:35

اسلام ٹائمز:سنی اتحاد کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ فرقہ پرست دہشت گردوں کو ریاستی گرفت میں لایا جائے، تمام لشکر، سپاہ اور مسلح جتھے ختم کئے بغیر امن ممکن نہیں،دو ماہ بعد عوامی انتخابی عدالت لگنے والی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی جنگ کا اکھاڑہ بن چکا ہے، سمجھوتوں کی سیاست نے جمہوریت کو داغدار کر دیا ہے، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے فوج کی نگرانی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے، پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کی مجوزہ اصلاحات پر قانون سازی نہ کر کے قوم کو مایوس کیا ہے، الیکشن کمیشن کی بے بسی افسوسناک ہے، بے بس الیکشن کمیشن آزاد اور شفاف الیکشن کیسے کرائے گا، حکومت اور اپوزیشن عالمی سازشوں کے توڑ کے لیے متحد ہو جائیں، لاشوں پر سیاست نہ چمکائی جائے اور سب مل کر بدامنی کی آگ کو ٹھنڈا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر مرکزی دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ فرقہ پرست دہشت گردوں کو ریاستی گرفت میں لایا جائے، تمام لشکر، سپاہ اور مسلح جتھے ختم کئے بغیر امن ممکن نہیں،دو ماہ بعد عوامی انتخابی عدالت لگنے والی ہے، سیاسی جماعتیں جیتنے والے گھوڑوں کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں، جوڑتوڑ کے سیاسی کھیل میں منشور کی بجائے افراد کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بھارت وولر بیراج تعمیر کر کے آبی دہشت گردی کر رہا ہے، اس بیراج کی تعمیر سے دریائے جہلم خشک ہو جائے گا جس سے پاکستانی زراعت اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 245164

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/245164/دہشت-گردوں-کی-سرکوبی-کیلئے-فوج-نگرانی-میں-آپریشن-کیا-جائے-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org