0
Friday 8 Mar 2013 20:10

کراچی میں بلا امتیاز آپریشن کیا جائے، پیپلز پارٹی کراچی

کراچی میں بلا امتیاز آپریشن کیا جائے، پیپلز پارٹی کراچی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ایم این اے قادر پٹیل، جنرل سیکرٹری سید نجمی عالم اور سیکرٹری اطلاعات لطیف مغل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ شہر میں امن و امان قائم رکھنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور کراچی میں امن و امان کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ سماج دشمن عناصر دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف شہر میں بلا امتیاز ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے اور معصوم اور بےگناہ شہریوں کو سفاکانہ انداز میں قتل کرنے والے دہشت گردوں اور صرف بیس منٹ میں پورے شہر میں گلی گلی اور محلہ محلہ میں فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلا کر دکانیں، کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند کروا کر معمولات زندگی معطل کروانے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
 
انہوں نے ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر لیاری میں یکطرفہ طور پر ناکہ بندی، گھر گھر تلاشی اور عام شہریوں کو محصور کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اصل دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے بجائے محض خانہ پری کے لئے دکھاوے کے اقدامات کر رہے ہیں اور آپریشن کی آڑ میں لیاری کے پرامن عوام کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ پورے شہر میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز ٹارگٹڈ آپریشن کریں اور یکساں طور پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردوں کے خلاف ہر کارروائی کی مکمل حمایت کرتی ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حقیقی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا چاہیئے نہ کہ لیاری کے پرامن عوام کے خلاف۔
خبر کا کوڈ : 245173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش