0
Friday 8 Mar 2013 13:54

امریکی سینیٹ نے جان برینن کو سی آئی اے کا ڈائریکٹر بنانے کی توثیق کر دی

امریکی سینیٹ نے جان برینن کو سی آئی اے کا ڈائریکٹر بنانے کی توثیق کر دی
اسلام ٹائمز۔ امریکی سینیٹ نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے مرکزی کردار اور ڈرون حملوں کے حمایتی جان برینن کو سی آئی اے کا ڈائریکٹر بنانے کی توثیق کر دی۔ ایوان بالا میں جان برینن کے حق میں 63 اور مخالفت میں 34 ووٹ ڈالے گئے۔ سینیٹ نے صدر براک اوباما کی نیشنل سکیورٹی ٹیم کی تیسری اہم پوزیشن کی منظوری دی ہے۔ ری پبلکن سینیٹر پاؤل نے ایوان میں جان برینن کی نامزدگی کے خلاف تقریباً تیرہ گھنٹے تک اظہار خیال کیا۔ تاہم وہ سینیٹرز کو اپنا ہم خیال بنانے میں ناکام رہے۔ ستاون سالہ جان برینن پچیس سال سے سی آئی اے سے وابستہ ہیں۔ اس وقت صدر کے انسدادِ دہشت گردی کے لئے اہم ترین مشیر ہیں۔ دو ہزار آٹھ میں بھی ان کا نام اسی عہدے کے لئے زیرِ غور آیا تھا، تاہم سی آئی اے کے تفتیشی طریقوں کے پیشِ نظر ان کی نامزدگی نہیں کی گئی تھی۔ جان برینن سعودی عرب میں سی آئی اے کے اسٹیشن سربراہ کے علاوہ صدر بش کے دور میں ادارے کے نائب ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ صدر اوباما کے قریبی ساتھی ہیں۔ اسامہ بن لادن کے خلاف مئی دو ہزار گیارہ کو ہونے والی کارروائی میں بھی ان کا اہم کردار تھا۔ اوباما انتظامیہ کی یمن، شمالی افریقہ اور مشرقِ وسطٰی میں انسدادِ دہشت گردی کی مہمات میں بھی وہ پیش پیش رہے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی سینیٹ نے جان برینن کی بطور سی آئی اے ڈائریکٹر منظوری دیدی۔ امریکی سینیٹ نے انسدادِ دہشت گردی کے امور پر امریکی صدر کے مشیرِ اعلٰی جان برینن کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے نئے ڈائریکٹر بنائے جانے کی منظوری دیدی۔ جان برینن کی حمایت میں تریسٹھ جبکہ مخالفت میں چونتیس ووٹ ڈالے گئے۔ صدر براک اوباما نے دو ہزار نو میں پہلی بار عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد بھی سی آئی اے کی سربراہی جان برینن کو سونپنے پر غور کیا تھا، تاہم ناقدین کی جانب سے ان کے ماضی پر اعتراضات کے باعث برینن نے خود ہی یہ ذمہ داری قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی۔ برینن پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ ماضی میں سی آئی اے کی جانب سے مشتبہ ملزمان سے تفتیش کے اپنائے گئے ان طریقوں کا حصہ رہے ہیں، جنہیں متنازع اور انسانی حقوق کے خلاف تصور کیا جاتا ہے۔ برینن سعودی عرب میں بھی امریکی خفیہ ایجنسی کے اسٹیشن چیف کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سینیٹ کی منظوری کے بعد جان برینن سی آئی اے کے سابق سربراہ ڈیوڈ پیٹریاس کی جگہ سنبھالیں گے، جنہوں نے دورانِ ملازمت ایک غیر ازدواجی تعلق کا انکشاف ہونے پر نومبر میں اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 245176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش