QR CodeQR Code

وزیر داخلہ دہشت گردوں کو پنجاب حکومت کیخلاف استعمال کر رہے ہیں، ذوالفقار کھوسہ

9 Mar 2013 15:04

اسلام ٹائمز:سینئر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پاکستان کو محفوظ ملک بنانا اور ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات حاصل کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہمیں اس مقصد کیلئے آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک دوسرے کا ہاتھ بٹانا ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ سینئر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے زیرحراست ملزموں کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کی سازشیں فرقہ پرست دہشت گردوں کو تقویت پہنچانے کا سبب بنیں گی۔ اپنے ایک بیان میں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ یہ اطلاعات انتہائی قابل مذمت ہیں کہ وزیر داخلہ رحمن ملک سندھ کے پولیس افسران کے ذریعے فرقہ پرستانہ دہشت گردی میں ملوث ملزمان کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں معاونت اور سرپرستی کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی و انتخابی مخالفین کے نام درج کروائیں تاکہ آنے والے انتخابی دنگل میں پیپلز پارٹی کے مخالف امیدواروں سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔

ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ ملک بنانا اور ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات حاصل کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہمیں اس مقصد کیلئے آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک دوسرے کا ہاتھ بٹانا ہو گا لیکن اگر ہم نے اپنی توجہ دہشت گردی کو ختم کرنے کی بجائے مخالفین کو بدنام کرنے اور کچلنے پر مرکوز رکھی تو یہ عمل دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا یہ رویہ افسوسناک اور قابل تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے نگران سیٹ اپ اور الیکشن کمیشن کو وزیر داخلہ کے اس اقدام کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔


خبر کا کوڈ: 245461

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/245461/وزیر-داخلہ-دہشت-گردوں-کو-پنجاب-حکومت-کیخلاف-استعمال-کر-رہے-ہیں-ذوالفقار-کھوسہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org