0
Sunday 10 Mar 2013 20:18
اقتدار میں آکر دہشتگردی کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرینگے

فیملی لمیٹڈ پارٹیاں تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتیں، پارٹی منشور کا اعلان 23 مارچ کو ہوگا، عمران خان

فیملی لمیٹڈ پارٹیاں تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتیں، پارٹی منشور کا اعلان 23 مارچ کو ہوگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، 23 مارچ کو پارٹی منشور کا اعلان کرینگے۔ پشاور میں عوامی جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ لیڈر وہی ہے جو اپنے مفادات کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دے۔ پیپلز پارٹی، اے این پی اور ن لیگ جیسی جماعتیں فیملی لمیٹڈ پارٹیاں ہیں۔ ہم تحریک انصاف کو فیملی لمیٹڈ جماعت نہیں بنائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر میرے بچے بھی تحریک انصاف میں آئے تو پارٹی چھوڑ دوں گا۔ تحریک انصاف کا قائد وہی ہوگا جس کا انتخاب عوام کرینگے۔ جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کی بڑھتی ہوئی لعنت کے خاتمے کا حل صرف تحریک انصاف کے پاس ہے۔ نوجوانوں کے آگے آنے سے ملک میں حقیقی لیڈر شپ آئے گی۔
 
پشاور کے رنگ روڈ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ پنڈال میں ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئی۔ جلسہ گاہ میں نوجوانوں، خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے تحریک انصاف کے کارکن قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچے۔ خواتین بھی ملک میں تبدیلی لانے کیلئے کے لئے پرعزم دکھائی دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی ملک کے مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ عام انتخابات میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو شکست دے کر ملک میں حقیقی جمہوریت لائے گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف 23 مارچ کو مینار پاکستان میں ہونے والے جلسہ عام میں اپنے انتخابی منشور کا اعلان کرے گی، دوسری پارٹیوں میں رہنماء اپنے بچوں کو اوپر لائے جبکہ تحریک انصاف نے نچلی سطح سے اپنی قیادت کو منتخب کیا ہے۔ پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر دہشت گردی کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر انتخابات کرانے والی تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت بن گئی ہے۔ فیملی لمیٹڈ پارٹیاں تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔
 
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن اور نااہل قیادت ہے۔ حکمران اپنا مال بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔ کوئٹہ اور بادامی باغ سانحات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گوجرہ کے دہشت گردوں کو پکڑ لیا جاتا تو بادامی باغ واقعہ نہ ہوتا۔ لاہور میں مسیحی برادی پر حملے پر پنجاب حکومت کو شرم آنی چاہیے، ہم اقتدار میں آکر فرقہ واریت کا خاتمہ کریں گے۔ عمران خان نے کہاکہ لیڈر وہی ہے جو اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر عوام کیلیے کام کرے، جس دن میرا بیٹا تحریک انصاف کا لیڈر بنا، پارٹی چھوڑدوں گا، ملک بھر میں 10 لاکھ تبدیلی رضاکار تیار کریں گے، جو ہر گھر میں تبدیلی کا پیغام لے کر جائیں گے اور انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 245816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش