0
Wednesday 13 Mar 2013 01:06

کراچی، رینجرز کے 3ماہ کے دوران 15 بڑے آپریشن اور 97 چھاپے

کراچی، رینجرز کے 3ماہ کے دوران 15 بڑے آپریشن اور 97 چھاپے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کرنل شفیق نیازی نے کہا ہے کہ رینجرز نے 3 ماہ کے دوران 15 بڑے آپریشن کئے اور 97 چھاپے مارے۔ ان کارروائیوں کے دوران 39 ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سندھ رینجرز کے ترجمان کرنل شفیق نیازی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد موجود ہیں جو مختلف علاقوں سے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رینجرز نے صوبے میں امن اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا ہے اور ملک دشمن عناصر کو ختم کرکے دم لیں گے۔

کرنل شفیق نیازی کا کہنا تھا کہ رینجرز نے 3 ماہ کے دوران 15 بڑے آپریشن کئے اور 97 چھاپے مارے، جس میں 400 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان کے قبضے سے 160 سے زائد ہتھیار برآمد کئے گئے۔ جبکہ سال رواں رینجرز کی کارروائیوں کے دوران 450 سے زائد ہتھیار برآمد کئے۔ ان ہتھیاروں میں مشین گن، کلاشنکوف، رائفل، ریپیٹر، 12 بور پسٹل و دیگر مختلف اقسام کے ہتھیار شامل ہیں۔ جبکہ گشت اور اسنیپ چیکنگ کے دوران پاکستان رینجرز نے 327 افراد کو حراست میں لیا جن کے قبضے سے 162 ہتھیار برآمد کئے۔
 
ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ پاکستان رینجرز نے 104 بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر، 39 بھتہ خور اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی کارروائیوں سے مایوس ہو کر دہشت گردوں نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران پاکستان رینجرز پر متعدد حملے کئے۔ ان حملوں، دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں 7 رینجرز اہلکار شہید اور 44 اہلکار زخمی ہوئے۔
 
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر ہی کارروائی کی جاتی ہے۔ شہر کے تمام علاقوں میں بلا تفریق آپریشن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز کے پاس تلاشی اور گرفتاری کے اختیارات ہیں جبکہ حراست میں لئے گئے کسی بھی ملزم سے تفتیش پولیس کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے بارے میں کوئی بھی معلومات ہو تو ہمیں بلا خوف و خطر ہیلپ لائن 1101 پر شکایات نوٹ کروائیں۔ اب تک رینجرز کی کمپلین سیل میں 779 شکایات موصول ہوئی ہیں اور میں یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ بھی ہم مجرموں کو پکڑنے کی بھرپور کوشش کرتے رہیں گے تاکہ عام امن پسند شہریوں کی روزمرہ کی زندگی آسان ہو۔
خبر کا کوڈ : 246336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش