QR CodeQR Code

شامی باغیوں کو مسلح کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، سرگئی لاورف

15 Mar 2013 01:29

اسلام ٹائمز: لندن میں اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ الاقوامی قوانین باغیوں کو اسلحہ کی سپلائی کی اجازت نہیں دیتے، اور ہمارے نزدیک ایسا کرنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاورف نے بدھ کے روز لندن میں اپنے برطانوی ہم منصب ولیم ہیگ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ شام میں حکومت مخالف باغیوں کو مسلح کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگو اور برطانیہ کے وزیر دفاع فیلپ ہامونڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سرگئی لاورف کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین باغیوں کو اسلحہ کی سپلائی کی اجازت نہیں دیتے، اور ہمارے نزدیک ایسا کرنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے یاد دہانی کروائی کہ یہ صرف شام کے عوام ہیں جنہیں اپنی اور اپنے ملک کی سرنوشت کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے ایسی تمام افواہوں کو رد کر دیا، جن کہا گیا تھا کہ روس بشارالاسد پر حکومت سے علیحدگی کے لئے دباو ڈال رہا ہے۔

 روسی وزیر خارجہ کا یہ بیان برطانیہ کے وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون کے اس بیان کے ایک دن بعد آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ لندن شام میں حکومت کے خلاف لڑنے والوں کو اسلحہ سپلائی کرنے کے لئے راستہ ہموار کر رہا ہے اور یورپی یونین نے شامی حکومت مخالفین کو اسلحہ کی سپلائی پر جو پابندی عائد کر رکھی ہے، اس ختم کروانے کے راستے تلاش کر رہا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے 8 مارچ کو بھی کہا تھا کہ روس شام میں تشدد روکنے کے لئے کسی بھی پیشگی شرط کا مخالف ہے، کیونکہ ہماری ترجیح شامی عوام کی جان کا تحفظ ہے۔ سرگئی لاورف کا مزید کہنا تھا کہ وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے بشار الاسد کو اقتدار چھوڑ دینا چاہیئے، ان کی ترجیح شامی عوام کی جان کے تحفظ کے علاوہ کچھ اور ہے۔

اسی دوران 11 مارچ کو نام نہاد اتحاد ملی کے ایک رکن نے بھی روسی صدر سرگئی لاورف کے ساتھ ماسکو میں ملاقات کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ وہ بشارالاسد کو حکومت سے علیحدگی کے لئے مجبور کریں۔ یار رہے کہ 11 مارچ 2011ء سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے شروع کئے ہوئے تشدد میں اب تک سکیورٹی فورسز کی بہت بڑِی تعداد کے ساتھ ساتھ ہزاروں شامی عوم بھی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق شام میں حکومت مخالف گروہوں کو اسلحہ فراہم کرنے سے متعلق برطانیہ اور بعض دوسرے یورپی ممالک کی کوششوں پر روس کے وزیر خارجہ نے سخت انتباہ دیتے ہوئے مسلح گروہوں کی فوجی امداد کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف وزی قرار دیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کل بدھ کو اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ لندن میں مذاکرات کے بعد کہا کہ شام کے عوام کو ہی اپنے صدر بشار الاسد کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہیئے۔ لاوروف نے برطانوی وزیر خارجہ ویلیم ہیگ، وزیر دفاع فیلیپ ہامونڈ اور روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ شام کے حکومت مخالفین کو ہتھیار فراہم کرنا، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور عالمی قوانین کے تحت ہم غیر حکومتی گروہوں کو اسلحہ نہیں دے سکتے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون نے کہا ہے کہ شام کے حکومت مخالفین کو اسلحہ دینے سے متعلق یورپی یونین کی پابندی کے باوجود برطانیہ انہیں اسلحہ فراہم کرنے کا سوچ رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 246723

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/246723/شامی-باغیوں-کو-مسلح-کرنا-بین-الاقوامی-قوانین-کی-خلاف-ورزی-ہے-سرگئی-لاورف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org