QR CodeQR Code

حکومت کی مدت ختم ہونے میں ایک دن باقی، نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہو سکا

15 Mar 2013 22:04

نگران سیٹ اپ پر وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ ملک کی سیاسی قیادت کرے۔ ن لیگ اُسی نام پر متفق ہو گی جس پر تمام اپوزیشن کا بھی اتفاق ہو۔


اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعظم کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ اپوزیشن نے تینوں حکومتی نام مسترد کر دئیے اور جسٹس ریٹائرڈ شاکر اللہ جان کا نام بھی واپس لے لیا جبکہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف نے اپنے نام دینے کی بجائے حکومت اور اپوزیشن کے ناموں کی حمایت کر دی۔ حکومت کی مدت ختم ہونے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا لیکن نگراں وزیراعظم کے نام پر ابھی تک اتفاق نہ ہو سکا۔ حکومت اور اپوزیشن میں اختلافات کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جانے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ نگران سیٹ اپ پر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ چوہدری نثار نے نگران وزیر اعظم کیلئے تینوں حکومتی نام مسترد کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ شاکر اللہ جان کا نام بھی واپس لے لیا۔ اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کے خط کا جواب بھی دے دیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے نگران وزیراعظم کیلئے نیک نیتی سے نام دئیے مگر حکومت کی طرف سے گیم کھیلی جا رہی ہے۔ نگران سیٹ اپ پر کوئی مک مکا نہیں کریں گے۔ 

چوہدری نثار نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ ملک کی سیاسی قیادت کرے۔ ن لیگ اُسی نام پر متفق ہو گی جس پر تمام اپوزیشن کا بھی اتفاق ہو۔ معین قریشی طرز کے لوگ یا کسی بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے کہنے پر نگران وزیراعظم منتخب نہیں ہو گا۔ اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت ہمارے ناموں پر مشاورت کیلئے تیار نہیں تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم نے نگران وزیراعظم کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم اور ڈاکٹر عشرت حسین کے نام دے دئیے۔ ادھر لاہور میں تحریک انصاف کا بھی اجلاس ہوا جس میں نگران وزیر اعظم کیلئے جسٹس ناصر اسلم زاہد، رسول بخش پلیجو اور ڈاکٹر عشرت حسین کے ناموں کی حمایت کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 246846

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/246846/حکومت-کی-مدت-ختم-ہونے-میں-ایک-دن-باقی-نگراں-وزیراعظم-کے-نام-پر-اتفاق-نہ-ہو-سکا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org