0
Saturday 16 Mar 2013 01:29

پیپلز پارٹی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، پروفیسر این ڈی خان

پیپلز پارٹی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، پروفیسر این ڈی خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء پروفیسر این ڈی خان نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی اور صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت کی بدولت موجودہ حکومت نے اپنی 5 سالہ مدت پوری کی ہے جو ملک کی تاریخ میں ایک اعزاز ہے۔ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور عوام کے ووٹوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ وہ پیپلز سیکرٹریٹ میں پیپلز یوتھ کی جانب سے”جمہوری ارتقاء اور وفاق پاکستان کے تحفظ میں پیپلز پارٹی کے کردار“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت اور وفاق کی علامت ہے۔ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد صدر آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی بصیرت کی بدولت شہید بی بی کی مفاہمتی پالیسی کو عام کیا۔ وفاق اور چاروں صوبوں میں ایسی مضبوط جمہوری حکومتیں بنوائی، جس نے کامیابی کے ساتھ 5 سال مکمل کئے۔

پروفیسر این ڈی خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو ان 5 سالوں میں مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑا، لیکن حکومت نے ان چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے دور میں تاریخی قانون سازی کی۔ صوبوں کو خود مختاری دی اور عوام کو طاقتور بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت نے اپنے 5 سال مکمل کر لئے ہیں، جو جمہوریت کے لئے ایک اعزاز ہے۔ پروفیسر این ڈی خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات قریب ہیں۔ کارکنان انتخابات کی تیاریاں کریں اور پی پی پی کے منشور کو عام کریں۔ انہوں نے شہید بینظیر بھٹو کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت اور صدر آصف علی زرداری کی جمہوریت کے لئے بے پناہ خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل لطیف مغل نے کہا کہ آج کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے اپنی مدت مکمل کرلی ہے اور اب آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔ پیپلز یوتھ کراچی کے صدر رﺅف ناگوری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ آج ملک میں جمہوری نظام بھٹو خاندان کی قربانیوں اور پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنان اور رہنماﺅں کی شہادت کے باعث مضبوط ہوا ہے اور جمہوری نظام کی بقاء کے لئے ہم مزید قربانیاں دیتے رہیں گے۔ جلسے کے اختتام پر آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 246889
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش