0
Saturday 16 Mar 2013 11:39

کشمیریوں کے ساتھ عقیدت اور نظریے کا رشتہ ہے، مولانا فضل الرحمن

کشمیریوں کے ساتھ عقیدت اور نظریے کا رشتہ ہے، مولانا فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت دہشت گردی کی مذمت اور کشمیریوں کو پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی حمایت جاری رہے گی۔ بھارت نے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ افضل گورو کو بغیر ٹھوس ثبوت کے پھانسی دی گئی۔ پاکستانی کشمیریوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ بھارت افضل گورو اور مقبول بٹ کے جسد خاکی ان کے لواحقین کے حوالے کرے۔ بھارت کشمیریوں کا قتل عام بند کرکے اپنی فوج نکال کر کالے قوانین منسوخ اور نوجوان کشمیریوں کو دی جانے والی عمر قید کی سزائیں منسوخ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کشمیر کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا۔ 

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اکثر کرفیو لگا رہتا ہے۔ کشمیری شہید کیے جا رہے ہیں۔ کشمیری قیادت قید ہے یا نظر بند۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرے۔ کشمیر پر ساری سیاسی قیادت اکھٹی ہو کر کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کرے اور عالمی برادری کو بھارتی دہشت گردی کے بارے میں بتایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں۔ کشمیر کی آزادی تک حمایت جاری رکھیں گے۔ 

انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہمارا موقف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ عقیدت اور نظریے کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر پر اصولی موقف سے کشمیریوں کی منزل قریب آئے گی، بندوق کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں۔ کشمیر کا مسئلہ پرامن طور پر کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل ہوگا۔ 

کشمیر کمیٹی کے اجلاس سے صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، کشمیر کمیٹی کے ارکان محترمہ عطیہ عنایت اللہ، خرم دستگیر، حمایت اللہ خان، ملک ابرار احمد، محمد بشیر اور کشمیری قیادت جناب امان اللہ خان، حریت رہنما محمود احمد ساغر، غلام محمد صفی، عبدالرشید ترابی، مولانا سعید یوسف، چوہدری طارق اور طاہر کھوکھر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 246943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش