0
Saturday 16 Mar 2013 11:57

کوہستان، کوسٹر گہری کھائی میں جا گری، 23 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 25 افراد جاں بحق

کوہستان، کوسٹر گہری کھائی میں جا گری، 23 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 25 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقے کوہستان میں کوسٹر کے حادثے میں 23 سیکورٹی اہلکاروں سمیت پچیس افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس کوسٹر حادثے میں 23 فوجی اہلکاروں سمیت 25 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بیان کے مطابق کوسٹر میں 25 فوجی اہلکاروں اور گاڑی کے سولین ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 27 افراد سوار تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے فوجی اہلکاروں کا تعلق فوج کے ناردرن لائٹ انفنٹری بٹالین سے تھا اور وہ چھٹیاں منانے سوات کے راستے اپنے علاقے گلگت بلتستان جار رہے تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ علیٰ الصبح کوہستان میں پیش آیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سکیورٹی اہلکاروں کی کوسٹر کوہستان کے ہیڈ کوارٹر سے تقریباً پچپن کلومیٹر دور ثمر نالہ کے قریب کھائی میں گر گئی۔ 


واقعہ شاہراہ قراقرم پر تھانہ سازین کے حدود میں پیش آیا۔ کوہستان کے ضلعی پولیس افسر کے مطابق امدادی کام میں مدد کے لیے فوج سے ہیلی کاپٹر بھیجنے کی درخواست کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ پہاڑی علاقہ ہے اور حادثے کی جگہ کوہستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹر سے تقریباً تین گھنٹے کے فاصلے پر ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جائے وقوعہ پر امدادی کاررائیوں میں حصہ لیا۔ مقامی پولیس اہلکار نے کہا ہے کہ جائے حادثہ پر امدادی کام کے لیے مزید نفری بھیجی گئی ہے۔ زخمیوں اور نعشوں کو شتیال بی ایچ یو منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والوں میں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ شاہراہ قراقرم پر اس سے قبل بھی کئی بار اس طرح سے ٹریفک حادثات پیش آ چکے ہیں جن میں عام شہریوں کے علاوہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 246948
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش