QR CodeQR Code

قومی اسمبلی کی قرارداد سے کشمیریوں کو حوصلہ ملا، عبدالرشید ترابی

16 Mar 2013 12:31

اسلام ٹائمز: بیس کیمپ کا کردار بحال کیا جائے۔ حکومت فوری او آئی سی، رابطہ گروپ کشمیر اور وزراء خارجہ کا اجلاس طلب کر کے بھارت کے جارحانہ عزائم سے آگاہ کرے۔ تحریک آزادی کے لیے جدوجہد تیز کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے اسلام آباد میں منعقدہ کشمیر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی قرارداد نے کشمیریوں کو ایک نیا ولولہ اور حوصلہ دیا ہے۔ جس پر حکومت مبارک باد کی مستحق ہے۔ حکومت بھارتی مظالم کو اجاگر کرے، فی الفور او آئی سی کا اجلاس بلائے، رابطہ گروپ کشمیر اور وزراء خارجہ کا اسلام آباد میں اجلاس بلا کر بھارت کے عزائم کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ بھارت نے جو تازہ ظلم کی لہر عدالتی حملوں کے ذریعے شروع کر رکھی ہے پاکستان میں آئندہ عبوری حکومت میں اس لہر کے مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اس لیے بین الاقوامی برادری کو متحرک کر کے سفارتی حمایت حاصل کرنے کے لیے منصوبہ بندی اور حکمت عملی بنانا وقت کا تقاضا ہے۔ 

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت سے ملاقات کا مقصد پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی الیکشن مہم اور منشور میں مسئلہ کشمیر پر واضح اور جاندار موقف کو عوام کے سامنے پیش کرنا ہے۔ اور کمشیریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہیں کشمیری تنہا نہیں ہیں۔ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا شہداء کے لہو کے ساتھ غداری ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں بیس کیمپ اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ گلگت بلتستان کشمیر کو مربوط کر کے بیس کیمپ کا کردار بحال کیا جائے۔ بیس کیمپ کی ساری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر تحریک آزادی کشمیر کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کریں گے اس لیے پاکستانی سیاسی قیادت بھی ہمارے ساتھ تعاون کرے۔


خبر کا کوڈ: 246953

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/246953/قومی-اسمبلی-کی-قرارداد-سے-کشمیریوں-کو-حوصلہ-ملا-عبدالرشید-ترابی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org