QR CodeQR Code

حکومت الیکشن کمیشن کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے الیکشن کمیشن آزاد ہے مگر با اختیارنہیں، سکندربوسن

16 Mar 2013 18:39

اسلام ٹائمز: سابق وفاقی وزیر نے ملتان میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کی سفارشات کو مسترد کرکے عوام کو پیغام دیا ہے کہ وہ کرپٹ لوگوں کا راستہ نہیں روکنے دے گی اسی لئے انتخابات کیلئے کم سے کم وقت دینا چاہتی ہے تاکہ سکروٹنی سے بچا جاسکے۔


اسلام تائمز۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر سکندر حیات خان بوسن نے حافظ اللہ ڈتہ کاشف ایڈووکیٹ، محمد عمر منگانہ کے ہمراہ دفترجماعت اسلامی ضلع ملتان'' دارالسلام ''آکر ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی، پروفیسر افتخار چودھری سے ملاقات کی۔ ضلعی نائب امیر ڈاکٹر اشرف علی عتیق، چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، رفیع رضا ایڈووکیٹ، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، کنور محمد صدیق، مزدور رہنما واثق خان، محمد زبیر صدیقی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دونوں رہنمائوں نے ملکی و مقامی سیاسی صورتحال اور ملک وقوم کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ سکندرحیات بوسن نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی ایک دینی وسیاسی اور منظم جماعت ہے جس کے کارکن انتہائی بے لوث ہیں جماعت اسلامی جس کا ساتھ دیتی ہے کھل کر دیتی ہے کسی کے ساتھ منافقت نہیں کرتے۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت جس ابتر صورتحال سے دوچار ہے ہر شخص اپنے مستقبل سے پریشان ہے۔ ان حالات میں محب وطن اور اچھے کردار کے حامل افراد کوملکر انتخابات میں حصہ لینا چاہئے تاکہ چور لٹیروں کا راستہ روکا جا سکے۔ حکومت الیکشن کمیشن کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے الیکشن کمیشن آزاد ہے مگر بااختیار نہیں۔ حکومت نے الیکشن کمیشن کی سفارشات کو مسترد کرکے عوام کو پیغام دیا ہے کہ وہ کرپٹ لوگوں کا راستہ نہیں روکنے دے گی اسی لئے انتخابات کیلئے کم سے کم وقت دینا چاہتی ہے تاکہ سکروٹنی سے بچا جاسکے۔
 
امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی اور پروفیسر افتخار چودھری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔ اپنے کلمہ طیبہ والے جھنڈے اور اپنے انتخابی نشان ترازو پر انتخابات میں حصہ لیں گے مگر ضلعی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔ ملک کواس وقت صاف ستھری قیادت کی ضرورت ہے جوچور لٹیروں کا احتساب، لوٹی ہوئی دولت واپس وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروانے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن، لوٹ مار کے کلچر کو فروغ دیا ہے اور ملک کو معاشی اقتصادی، سیاسی طور پر تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، غربت نے لوگوں کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ کرپٹ لوگوں سے لوگوں کو نجات دلانے کیلئے دیانت دار لوگوں کو اکٹھے ہو جانا چاہئے۔ عوام کرپٹ لوگوں کو اپنے ووٹ کی پرچی سے مسترد کردیں۔


خبر کا کوڈ: 247070

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/247070/حکومت-الیکشن-کمیشن-کی-راہ-میں-رکاوٹیں-ڈال-رہی-ہے-آزاد-مگر-اختیارنہیں-سکندربوسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org