QR CodeQR Code

گذشتہ را صلوات آئندہ را احتیاط

ایس یو سی اور ایم ڈبلیو ایم کا پہلا باضابطہ اجلاس، "امامیہ سپریم کونسل گلگت بلتستان‘‘ کی تاسیس کا فیصلہ

17 Mar 2013 00:30

اسلام ٹائمز: اجلاس کی صدارت علامہ شیخ مرزہ علی نگری صدر شیعہ علما کونسل گلگت ڈویژن نے کی جبکہ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئر عباس مصطفوی نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی قیادت کی۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علما کونسل گلگت ڈویژن کے صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں ایس یو سی اور مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سینئر عہدیداران اور دیگر ملی تنظیموں آئی ایس او، جے ایس او، جعفریہ یوتھ، آئی او اور سبیل آرگنائزیشن کے کارکنان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت علامہ شیخ مرزہ علی نگری صدر شیعہ علما کونسل گلگت ڈویژن نے کی جبکہ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئر عباس مصطفوی نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی قیادت کی۔ اجلاس میں ملت جعفریہ گلگت بلتستان کو درپیش مشکلات اور مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور اس بات کی متفقہ طور پر تائید کی گئی کہ تمام تر ملی مسائل و مشکلات کا واحد حل ہمارے داخلی اتحاد میں مضمر ہے اور اب وقت آ چکا ہے کہ ہم تمام تر شخصی، گروہی اور تنظیمی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنے حقوق کیلئے ملکر عملی جدوجہد کا آغاز کریں اور ماضی کے تلخ تجربات سے سبق حاصل کرتے ہوئے’’ گذشتہ را صلوات آئندہ را احتیاط ‘‘ کے تحت از سر نو متحد ہو کر کام کا آغاز کریں۔

اس موقع پر متفقہ طور پر شیعہ علما کونسل اور ایم ڈبلیو ایم کے عہدیدران نے اپنے اپنے علیحدہ تشخص اور پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے قومی معاملات میں ایک ٹائٹل ’’امامیہ سپریم کونسل گلگت بلتستان‘‘ کی تاسیس کا اصولی فیصلہ کیا اور اعلان کیا گیا کہ دونوں جماعتیں دیگر ملی تنظیموں کے اشتراک سے اسی پلیٹ فارم کے تحت تشیع گلگت بلتستان کے حقوق کی جدوجہد کرینگی۔ اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے امامیہ سپریم کونسل گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر شمشاد حسین نے بتایا کہ کونسل میں ۲، ۲ اراکین ایس یو سی، ایم ڈبلیو ایم، آئی ایس او، جے ایس او، جعفریہ یوتھ، سبیل رضاکار اسکاوٹس اور آئی او سے ہونگے اور یہ ۱۴ رکنی کمیٹی ہی کونسل کے معاملات علماء کرام کی زیر نگرانی چلائے گی۔


خبر کا کوڈ: 247117

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/247117/ایس-یو-سی-اور-ایم-ڈبلیو-کا-پہلا-باضابطہ-اجلاس-امامیہ-سپریم-کونسل-گلگت-بلتستان-کی-تاسیس-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org