QR CodeQR Code

سانحہ عباس ٹاﺅن کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے، متحدہ علماء محاذ

17 Mar 2013 01:24

اسلام ٹائمز: مقررین نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، دہشتگرد اس واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے تھے، جسے علماء نے ناکام بنا دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی و سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر گلشن اقبال میں سانحہ عباس ٹاﺅن کے متاثرین سے اظہار یکجہتی و ہمدردی کے لئے ایک تعزیتی اجلاس علامہ مرزا یوسف حسین کے زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں علامہ محمد اصغر درس، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ سید اشرف قریشی، علامہ سید علی کرار نقوی، سید علی اوسط و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سانحہ عباس ٹاﺅں کی سخت مذمت کی اور اسے حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی قرار دیا۔
 
انہوں نے کہا کہ سانحے میں شیعہ و سنی مسلمانوں کا نقصان ہوا اور یہ خالصتاً دہشتگردی ہے۔ لہٰذا اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے۔ اس وقت پورے ملک میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، دہشتگرد اس واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے تھے جسے علماء نے ناکام بنا دیا ہے اور واقعے کے بعد بلاامتیاز مسلک تمام علماء نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ جس کی وجہ سے پورے ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکنے سے رک گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آنے والی حکومت دہشتگردی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے علماء کو اعتماد میں لے کر موثر اقدامات کرے۔
اجلاس میں سانحہ بادامی باغ کی شدید مذمت کی گئی جبکہ سانحہ پشاور، سانحہ عباس ٹاﺅن اور کوہستان میں بس کے سانحے میں شہید ہونے والوں کے لئے مولانا اصغر درس نے دعائے مغفرت کرائی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی گئی۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو فی الفور اسلحے سے پاک اور فوج کے حوالے کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 247148

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/247148/سانحہ-عباس-ٹاﺅن-کو-فرقہ-وارانہ-رنگ-دینے-کی-کوشش-نہ-جائے-متحدہ-علماء-محاذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org