0
Tuesday 19 Mar 2013 11:07

مصر، پولیو مہم کے خلاف غلط پراپیگنڈے کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، علماء کی مذمتی قرارداد

مصر، پولیو مہم کے خلاف غلط پراپیگنڈے کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، علماء کی مذمتی قرارداد
اسلام ٹائمز۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں انسدادِ پولیو کے سلسلے میں مذہبی علماء کی ایک کانفرنس نے ایک مذمتی قراراد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے اہلکاروں کا جاسوسی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا غلط ہے۔ علماء نے عالمی ادارۂ صحت اور یونیسف سے کہا ہے کہ وہ اقوام عالم تک پیغام پہنچائیں کہ کوئی بھی ملک صحتِ عامہ کی کارروائی کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہ کرے۔ تاہم علما نے کہا کہ صحت کے اہلکاروں پر حملے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں جن کی انتہائی شدت سے مذمت ہونی چاہیے۔
علما کانفرنس نے اتفاق کیا کہ پولیو ویکسین میں نہ تو کوئی اسلامی لحاظ سے حرام اجزا ہیں اور نہ ہی بانجھ پن پیدا کرنے والی کوئی چیز ہے۔ اس کانفرنس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اسلام کا نام استعمال کرکے پولیو مہم کے بارے میں غلط تاثرات پیدا کیے جا رہے ہیں۔
کانفرنس کے شرکا نے پولیو کو امتِ مسلمہ کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا اور اس بیماری سے دو ہزار چودہ تک مکمل چھٹکارہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ علماء کا کہنا تھا کہ پولیو سے اپنے بچوں کو بچانا تمام مسلم والدین کی مذہبی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے، پولیو ایک ناقابل علاج مرض ہے جس کا تین ممالک کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک میں خاتمہ ہو چکا ہے۔ وہ تین ممالک جہاں یہ مرض ابھی بھی موجود ہے، نائیجیریا، پاکستان اور افغانستان ہیں۔ انہی ممالک میں حال ہی میں ایسے واقعات بھی پیش آئے ہیں جن میں پولیو ویکسین مہیا کرنے والے محکمۂ صحت کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا اور چند واقعات میں تو ان کی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔
خبر کا کوڈ : 247691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش