0
Thursday 21 Mar 2013 19:41
اقتصادی پابندیاں لگانے کے باوجود دشمن اپنے اہداف کے حصول میں ناکام رہا

اسرائیل نے حملے کی غلطی کی تو تل آویو اور حیفہ کو مٹی کا ڈھیر بنا دینگے، رہبر انقلاب اسلامی

اسرائیل نے حملے کی غلطی کی تو تل آویو اور حیفہ کو مٹی کا ڈھیر بنا دینگے، رہبر انقلاب اسلامی
اسلام ٹائمز۔ انقلاب اسلامی ایران کے سربراہ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے رہنماء گاہے بگاہے اسلامی جمہوری ایران پر حملہ کرنے کی دھمکیاں دیتے رہتے ہیں، لیکن وہ یہ جانتے ہیں کہ اگر انہوں نے اس سلسلے میں کسی غلطی کا ارتکاب کیا تو ایران تل آویو اور حیفہ کو مٹی کا ڈھیر بنا دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشہد المقدس میں بارگاہ ملکوتی حرم مطہر امام رضا علیہ السلام میں نئے سال کی مناسبت سے ہونے والے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال اسلامی جمہوری ایران کے دشمنوں نے اقتصادی پابندیوں کی ذریعے ایران کو مفلوج کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن وہ اپنی اس کوشش میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی اس وقت کی نالائق وزیر خارجہ نے اعلانیہ اس بات کا دعویٰ کیا کہ ہم اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایران کو مکمل طور پر مفلوج اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دینگے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم حقیقت پسند لوگ ہیں اور اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ان پابندیوں کی وجہ سے اسلامی جمہوری ایران پر کچھ دباو ضرور پڑا ہے اور ان کے کچھ منفی اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں لیکن ان پابندیوں سے دشمن جو نتیجہ اور اہداف حاصل کرنا چاہتا تھا وہ اپنے ان اہداف کو حاصل کرنے میں مکمل طور ناکام ہوا ہے۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دشمن کی ان اقتصادی پابندیوں اور دباو کے بہت سارے مثبت پہلو بھی ہیں اور ان میں سے سب سے بڑا مثبت پہلو یہ ہے کہ ملت ایران میں اندرونی طور پر بیداری پیدا ہوئی ہے اور انہوں نے اِس موقعیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت سے شعبوں میں بڑی نمایاں ترقی کی ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ جب تہران کے ادویات بنانے والے ایٹمی ری ایکٹر کے لئے 20 فیصد یورینیم کی افزودگی کی ضرورت پڑی اور ہم نے اپنی اس ضرورت کا اظہار کیا تو مخالفین نے اسی کو بلیک میل کا ذریعہ بنا لیا، اور اپنی کڑی شرائط رکھنا شروع کر دیں، وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ اسلامی جمہوری ایران کے ماہرین خود بھی یورینیم کو 20 فی صد افزودہ کرلیں گے۔ لیکن ملت ایران کے غیور فرزندوں نے ضرورت پڑنے پر یہ کارنامہ بھی انجام دے دیا۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دشمن نے دوسری طرف سیاسی میدان میں ملت ایران کو تنہا کرنے کی کوشش کی، اور ملت ایران کے عزم و ارادہ کو متزلزل کرنے کی بھی کوشش کی، لیکن عملاً صورتحال اس کے بالکل برعکس ثابت ہوئی۔ ادھر دشمن نے ایران پر اقتصادی پابندیوں کو مزید سخت کیا اور اس بات کا دعویٰ کیا کہ وہ ان پابندیوں کے ذریعے اسلامی جمہوری ایران کو مفلوج کرکے رکھ دے گا۔ لیکن خدا کا شکر کہ وہ اپنی اس کوشش میں بھی کامیاب نہیں ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن نے علاقائی اور بین الاقوامی طور پر اسلامی جمہوری ایران کو سیاسی طور پر تنہائی کا شکار کرنے کی کوشش کی۔ دشمن نے اسی سلسلے میں تہران میں ہونے والی غیر وابستہ ممالک کی سربراہی کانفرنس کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی، اور اپنا پورا ضرور لگایا کہ اس کانفرنس میں اکثر ممالک کے سربراہان شرکت نہ کریں، یا اپنی دوسرے اور تیسرے درجے کی قیادت کو اس اجلاس میں بھیجیں، تاکہ اس کانفرنس کی اہمیت کو کم کیا جا سکے۔

 تاہم گذشتہ سال تہران میں غیر وابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس میں بڑے پیمانے پر "نام" ممالک کے سربراہوں اور دوسرے اعلٰی حکام کی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا کہ اسلامی جمہوری ایران نہ صرف یہ کہ دنیا میں تنہا نہیں ہے بلکہ دنیا کے اکثر ممالک اسلامی جمہوری ایران کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ غیر وابستہ ممالک کے یہ سربراہان اور اعلٰی حکام اسلامی جمہوری ایران کی ترقی اور پیشرفت سے بہت حیرت زدہ ہوئے اور انہوں نے کھل کر یہاں بھی اس کا اظہار کیا اور اپنے اپنے ملکوں میں واپس جا کر بھی اس کا ذکر کیا اور اسے رول ماڈل کے طور پر پیش کیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران نے جون میں ایران میں ہونے والی صدارتی انتخابات میں عوام کو بھرپور شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ ایرانی عوام ان انتخابات میں اپنی بھرپور شرکت کے ذریعے دشمن کو مزید مایوس کریں۔ یاد رہے کہ اسلامی جمہوری ایران میں صدارتی انتخابات جون کے مہینے میں ہوں گے، اور صدارتی امیدوار 7 سے 11 مئی تک اپنے نام رجسٹرڈ کرواسکیں گے۔ ایران میں چار سال کے لئے صدر کو منتخب کیا جاتا ہے۔ انتخابات سے پہلے گارڈین کونسل صدارتی انتخابات کے لئے امیدواروں کی اہلییت کا جائزہ لیتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 248275
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش