0
Thursday 21 Mar 2013 20:02

دھرنے پرامن ہوں گے کسی کو ووٹ دینے سے نہیں روکیں گے، طاہرالقادری

دھرنے پرامن ہوں گے کسی کو ووٹ دینے سے نہیں روکیں گے، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القاری نے کہا ہے کہ ایسی ستھری سیاست کا قائل ہوں جو ریاست کو بچا کر اسکے استحکام اور عوام کو انکے بنیادی حقوق دینے کی ضمانت فراہم کرے، پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانا اور اگلی نسلوں کو خوشحال مستقبل دینا میری منزل ہے، روایتی سیاست اور میرے ویژن میں تصادم ہے، اس لئے استحصالی اور کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے، سیاست دان اپنی سیاست جبکہ لیڈر اگلی نسلوں کو بچانے کیلئے پلاننگ کرتا ہے، موجودہ نظام انتخاب اس بوسیدہ مکان کی مانند ہے جس کی چھت اور دیواریں زمین بوس ہونے والی ہیں، گرائے بغیر اس مکان میں رہنے کی ضد کرنا دانشمندی کے خلاف عمل ہو گا۔

پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بوسیدہ ہونے کی وجہ سے موجودہ نظام انتخابات کے تحت ہونے والے الیکشن کو مسترد کر دیا ہے، تصادم اور انارکی نہیں چاہتا اس لئے پولنگ ڈے کو پر امن دھرنے دئیے جائیں گے اور کسی ایک فرد کو بھی ووٹ دینے سے نہیں روکا جائے گا، قیادت کا بنیادی خمیرہی صادق اور امین ہونے سے اٹھتا ہے،اس لئے 62,63کو نظر انداز کرنا اللہ اور اسکے رسول (ص) کے حکم سے بغاوت ہے، قوم یاد رکھے کہ اس الیکشن کے تحت بننے والی پارلیمنٹ ایک فی صد بھی نظام کو بدل نہیں سکے گی،قانون آئین کی روح کو نافذ کرنے کیلئے بنائے جاتے ہیں نہ کہ جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کیلئے۔

انہوں نے کہاکہ آئین کے تین آرٹیکل 62,63اور 218 جو پورے انتخابی عمل کو شفاف بنانے کی بات کرتے ہیں انہیں مفاد پرست سیاستدانوں نے پس پشت ڈال رکھا تھا اور سپریم کورٹ کی 8جون 2012 کی Judgement کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا تھا،23دسمبر سے شروع ہونے والی ہماری تحریک نے آئین کے یہ آرٹیکل پوری قوم کو یاد کرا دئیے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکومت نے معاہدہ کیااور اس سے پھر کر آئین پاکستان اور پوری قوم سے دھوکہ کیا گیا،افسوس کسی مذہبی اور سیاسی جماعت نے 62,63اور آئین کے آرٹیکل 218 کے نفاذ اور سکروٹنی کیلئے معقول مدت دینے کی بات نہیں کی،پوری قوم کو الیکشن سے قبل بتا رہا ہوں کہ الیکشن کے نام پر فراڈ ہونے جا رہا ہے،پاکستان عوامی تحریک نے اپنی ذمہ داری کو پورا کر دیا الیکشن کے نتائج جلدہمارے ویژن کی تصدیق کر دیں گے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پورا مہینہ گزر گیا نگرانوں کا فیصلہ اس لئے نہیں ہو رہا کہ ہر کوئی ایسے افراد چاہتا ہے جو ان کے پارٹی مفادات کو تحفظ فراہم کریں،آئین کی حکمرانی اور اسکے عملی نفاذکیلئے ان میں سے کوئی یہ بات نہیں کرے گا،یہ جنگ تنہا پاکستان عوامی تحریک لڑ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے نئے نامزدگی فارم میں قرض معاف کرانے والوں،ٹیکس چوروں اور لٹیروں کیلئے چور دروازہ کھلا رکھا گیا ہے،ذمہ دار سپریم کورٹ ہے، اسے چاہیے کہ ان نامزدگی فارم کو کینسل کر کے آئین و قانون کے مطابق کرے۔اس موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی،خرم نواز گنڈا پور، جاوید نواز، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، قاضی فیض الاسلام، جواد حامد، میاں زاہد اسلام اور دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 248277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش