0
Sunday 24 Mar 2013 10:09

افضل گورو کی پھانسی نے تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی ہے، علی گیلانی

افضل گورو کی پھانسی نے تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی ہے، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی جو کہ نئی دہلی سے واپسی کے بعد بدستور خانہ نظر بند ہیں نے سنیچر کی شام انٹرنیٹ سے عوام سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ افضل گورو کی پھانسی نے کشمیر کی مزاحمتی تاریخ میں ایک نئی روح ڈال دی ہے، پوری قوم نے بھارت کی زور زبردستی کو یکسر للکار کر تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے جس ولولے اور عزم کا مظاہرہ کیا وہ ایک طرف حوصلہ افزاء اور قابل تحسین ہے اور دوسری طرف تحریک کو مربوط اور منظم انداز سے آگے بڑھانے کا مطالبہ بھی کرتا ہے، افضل گورو کی پھانسی سے اس تحریک کو بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنالیا گیا ہے اور اس طرح بھارت اور اس کے حاشیہ برداروں کے ان دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے کہ جموں کشمیر کے حالات نارمل (Normal) ہوچکے ہیں، یہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ قوم یکسوئی اور اخلاص کا مظاہرہ کرکے دشمن کی چالبازی سے ہوشیار رہ کر انتشار اور افتراق کا شکار ہونے سے اجتناب کریں۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نے اس مبنی برحقیقت تحریک کو دبانے کے لیے وقتاً فوقتاً نت نئے حربے اور سازشیں رچانے کی مذموم کوششیں کی ہیں، ہمیں یہ بات کسی بھی حالت میں بھولنی نہیں چاہیے کہ ہم جس دشمن کے ساتھ برسر پیکار ہیں وہ ہمیں ایسے اقدامات کرنے پر اُکسا سکتا ہے جو اُس کے ناپاک منصوبوں میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں اور اُس کی یہ ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ وہ ہمارے صفوں کے اندر ایسے افراد کو داخل کرتا ہے جو ماضی میں بھی دشمن کے خاکوں میں رنگ بھرتے آئے ہیں اور اس نازک وقت میں بھی ایسے ہی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، وقت کی نزاکت کا احساس کرکے ہمیں ہوشیاری سے کام لے کر تحریکِ آزادی کے تئیں ان افراد کے رول سے خبردار رہنا چاہیے، جہاں بھارت یہاں بے پناہ مظالم ڈھا رہا ہے، وہی جموں کشمیر کے عوام اپنے ہی لوگوں کے جبر و ستم سے بھی نبردآزما ہیں جو یا تو بھارت نواز سیاست دانوں کی شکلوں میں موجود ہیں یا پولیس کی وردی پہنے ہوئے ہیں۔

سید علی شاہ گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانان ملّت جن سے اس قوم کا روشن مستقبل وابستہ ہے میری دردمندانہ گزارش ہے کہ وہ تحریک آزادی کو منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنے جذبات، صلاحیتوں اور کاوشوں کو صحیح سمت میں استعمال کریں اور اﷲ تبارک و تعالیٰ پر توکل قائم رکھتے ہوئے نظم و ضبط اور مربوط انداز سے آگے آئیں اور اس بات سے بھی غافل نہ رہے کہ بھارت نہ صرف طاقت کے نشے میں مغرور ہوچکا ہے، بلکہ فریب کارانہ اور چانکیائی سیاست کا علمبردار ہے اور اس لئے اپنے صفوں میں تفرقہ ڈالے بغیر ثابت قدم رہ کر اس مبنی بر صداقت جدوجہد کو جاری رکھیں، مسلکی تفریق اور فرقہ واریت کے نام پر دشمن کے مکروہ عزائم کو ناکام بنائیں جس کا صرف مقصد یہ ہے کہ تحریکِ آزادی کو کمزور کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 248766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش