QR CodeQR Code

آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں آزادی کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہیں، عبدالمجید

25 Mar 2013 12:22

اسلام ٹائمز: قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور ہم قائد کے شہر کراچی میں قائد کے فرمان کی پاسداری کا عزم لے کر آے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلیے ان کی حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ افضل گورو کی پھانسی کے بعد بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے یک نکاتی ایجنڈے پر چٹان کی طرح متحد ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کر کے ریاستی عوام کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دیا جائے۔ بھارت کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرے۔ مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید کے جسدخاکی ورثاء کے حوالے کیا جائیں۔ کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے مسئلہ کشمیر ہماری زندگی اورموت کا مسئلہ ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور ہم قائد کے شہر کراچی میں قائد کے فرمان کی پاسداری کا عزم لے کر آے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز کراچی ائیرپورٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آزاد کشمیرمیں قائد حزب اختلاف راجہ فاروق، جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی، وزیرٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر، حریت کانفرنس کے قائدین اور آزاد کشمیر کا اعلی سطحی وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔ 

چوہدری مجید نے کہاکہ میں نے پہلے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے پہلے بیس کیمپ میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور بلاتخصیص اب آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ پاکستان کی سیاسی قیادت کو تحریک آزادی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا اور ان پر زور دیا جائے گا کہ وہ اپنے انتخابی منشور میں کشمیر کی آزادی کو شامل کریں اور انشاء اللہ ہم اپنی اس کوشش میں کامیاب ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے۔ ہم کوشش ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن، قابل عمل اور قابل قبول حل نکل آئے۔ اس کے لیے ہم اندرون ملک اور بیرون ملک اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 248941

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/248941/ا-زاد-کشمیر-کی-تمام-سیاسی-جماعتیں-ا-زادی-کے-یک-نکاتی-ایجنڈے-پر-متفق-ہیں-عبدالمجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org